Live Updates

سابق صدر ہندو کونسل پاکستان راجہ اسرمال منگلانی اور ساتھیوں کی عمران خان سے ملاقات، تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان

تحریک انصاف قومی جماعت ہے ، ہمارے دروازے تمام مذاہب ،مسلک اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیلئے کھلے ہیں، عمران خان

جمعہ 11 اگست 2017 22:10

سابق صدر ہندو کونسل پاکستان راجہ اسرمال منگلانی اور ساتھیوں کی عمران ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک قومی جماعت ہے ۔ ہمارے دروازے تمام مذاہب اور مسلک اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لئے کھلے ہیں ۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تحریک انصاف پوری قوم کو متحد کر رہی ہے۔ کراچی سے لے کر خیبر تک ، گلگت سے لے کر بولان تک پوری قوم کی نظریں تحریک انصاف پر لگی ہوئی ہیں۔

پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی اس جدوجہد میں شامل ہونے والوں کو ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے اپنی رہائشگاہ بنی گالہ اسلام آباد میں کراچی کی معروف سماجی شخصیت اور پاکستان ہندو کونسل کے سابق صدر راجہ اسرمال منگلانی سے ملاقات اور تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سندھ کے صدرو رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی لال مالہی ، رکن قومی اسمبلی منزہ حسن اوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔

چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ آج اقلیتوں کا قومی دن ہے اس موقع پر میں تمام پاکستان کی اقلیتی برادری کو مبارکباد دیتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ تحریک انصاف تمام اقلیتوں کو برابری کی بنیاد پر ان کے حقوق دلوائے گی۔ اقلیتی برادری کا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار رہا ہے۔ تحریک انصاف اقلیتی برادری کو ان کے حقوق کے تحفظ میں کوئی کثر نہیں چھوڑے گی بلکہ ان کو ملک کی ترقی ، خوشحالی ، تعلیم ، صحت اور روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔ چیئرمین عمران خان نے سابق صدر پاکستان ہندو کونسل راجہ اسرمال منگلانی اور ان کے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت پر ان کو مبارکباد دی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات