وزارتِ انسانی حقوق اور سی ڈی اے کے زیراہتمام یومِ آزادی کی 70 سالہ تقریبات کا آغاز شجرکاری مہم کے تحت اسلام آباد کے روز اینڈ جیسمین باغ میں70پودے لگا کر کیا

یوم آزادی کے موقع پر شجرکاری مہم کی گئی ہے جسکا مقصد عوام میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے، رابعہ جویریہ

جمعہ 11 اگست 2017 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) وزارتِ انسانی حقوق نے سی ڈی اے کے باہمی اشتراک سے یومِ آزادی کے دن کی 70 سالہ تقریبات کا آغاز شجرکاری مہم کے تحت اسلام آباد کے روز اینڈ جیسمین باغ میں70پودے لگا کر کیا، اس موقع پروزارتِ انسانی حقوق کی سیکرٹری رابعہ جویری آغا ، وزارتِ انسانی حقوق کے افسران اور سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

علاوہ ازیں سینیٹر نزہت صدیقی ، زاہد محبوب، ڈایکٹر ٹرینگ اینڈ پروگرام پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن اور چائلڈ پروٹیکشن سینٹر کے سٹریٹ بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پروزارتِ انسانی حقوق کی سیکرٹری رابعہ جویریہ آغا نے کہاکہ یوم آزادی کے موقع پر یہ شجرکاری مہم "ستر سال، ستر درخت" کے عنوان سے شروع کی گئی ہے جسکا مقصد نہ صرف عوام میں ماحولیاتی آلودگی اور درختوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونا بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹری پلانٹیشن کیمپین اسلام آباد کے ساتھ ساتھ تمام ریجنل آفسز میں بھی شروع کی جائے گی۔وزارتِ انسانی حقوق کی سیکرٹری رابعہ جویریہ آغا نے بتایا کہ وزارتِ انسانی حقوق اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے جسکا ذکر قوام ِ متحدہ کی بین الاقوامی چارڈٹر میں بھی ملتا ہے۔

اس مقصد کے لیے ہمیں ماحول دوست پالیسی اپنانا ہو گی جس کے لیے سول سوسائٹی کا تعاون انتہائی اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کی اس مہم میں سول سوسائٹی خصوصا سٹریٹ چلڈرن کی شمولیت ہم سب کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ اس ملک کا ہر فرد ہمارے لیے بہت اہم ہے ۔ انہوں نے تمام قوم کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر ہم سب کو یک جہتی کا ثبوت دیتے ہوئے مشترکہ اقدامات اٹھانے ہوں گے تا کہ ہم کامیاب قوم کے طور پر اپنی شناخت بنا سکیں ۔

سیکرٹری رابعہ جویرہ آغا کا مزید کہنا تھا کہ وزارتِ انسانی حقوق کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ بین الاقوامی چارٹرڈ کے مطابق تمام انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکے اور اسکے لیے ہم اپنے تمام سٹیک ہولڈرز کو خوش آمدید کہتے ہیں اور انکے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :