ایم سی آئی نے اسلام آباد میں جشنِ آزادی کے حوالے سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی

یوم آزادی 14 اگست کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف رنگا رنگ پروگراموں کا انتظام کیا جائیگا ،13 اور14 اگست کی درمیانی شب رات 12 بجے پریڈ گرائونڈ شکر پڑیاں پر عظیم الشان آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائیگا معروف فنکار وگلوکار ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کریں گے

جمعہ 11 اگست 2017 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء)میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی( سی ڈی ای) نے اسلام آباد میں جشنِ آزادی کے حوالے سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یوم آزادی 14 اگست کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف رنگا رنگ پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ شہری اس موقع پر بھر طور پر جشن ِ آزادی منا سکیں۔

جشن ِیومِ آزادی کے حوالے سے 13 اور14 اگست کی درمیانی شب رات 12 بجے ملٹی پرپز پریڈ گرائونڈ شکر پڑیاں پر عظیم الشان آتش بازی کا بھی مظاہرہ کی جائے گا ۔ اس موقع پر ملک کے معروف فنکار اور گلوکار قومی اور ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کریں گے۔ آتش بازی کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کے لیے انٹری فری رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاکستان کی ثقافت ، روایات اور تاریخ کو اجاگر کرنے کے لیے 14 اگست کو اسلام آباد کے آرٹس اینڈ کرافٹس ویلج میں آزادی میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پرتمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نامور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں کے فن و ثقافت کی نمائش کے لیے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔اس کے علاوہ یوم آزادی کے موقع پر جڑواں شہروں اسلام آباد و راولپنڈی سے آنے والے سائیکلیسٹس کے لیے آزادی سائیکل ریس اور ریلی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

آزادی سائیکل ریس کا آغاز آرٹس اینڈ کرافٹس ویلج سے کیا جائے گا جو براستہ زیرو پوائنٹ ، آئی ایٹ انٹر چینج اور گارڈن ایونیو واپس آرٹس ایند کرافٹس ویلج اختتام پذیر ہو گی۔یوم آزادی کے موقع پر بچوں کی تفریح کے لیے آزادی ٹرین کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ آزادی ٹرین کاسفر روز اینڈ جیسمین گارڈن سے شروع کیا جائے گا۔ میئر اسلام آباد وچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے تمام شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ جشن ِ آزادی کی تقریبات کو بھر پور جو ش و جذبہ کے ساتھ منانے کے لیے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو استعمال میں لاتے ہوئے اسٹیٹ آف دی آرٹ پروگرامز منعقد کئے جائیں تاکہ اسلام آباد کے شہری ان تقریبات سے لطف اندوز ہو سکیں۔