پشاور ، سکندر حیات شیرپائوکا پاک افغان تجارتی مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم

پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھنا چاہیے تاکہ حکومتوں اور عوام کو مزید قریب لایا جا سکے، اجتماع سے خطاب

جمعہ 11 اگست 2017 21:12

پشاور ،  سکندر حیات  شیرپائوکا پاک افغان تجارتی مذاکرات کا سلسلہ بحال ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے پاک افغان تجارتی مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطوں کی کڑی کو برقرار رکھنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مزید قریب لایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے عمرزئی ضلع چارسدہ میں پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے چیئرمین ارشد خان عمرزئی ،عاشق علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین باقاعدہ رابطوں کے ذریعے ہی غلط فہمیوں کا خاتمہ اور تعلقات کومزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مثالی تعلقات ہی خطے میں امن اور خوشحالی کی ضمانت ہے اور خطے میں امن کے قیام اور بے چینی کے خاتمے کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ جب تک خطے میں بد امنی کی فضاء قائم رہے گی تب تک خطہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا لہٰذا امن کے قیام کیلئے پاکستان اور افغانستان کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ سی پیک میں وفاقی حکومت کامعاندانہ رویہ افسوسناک ہے اور اس سے پختونوں کی مایوسیوں میںاضافہ ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پختون ملک کی دوسری بڑی آبادی ہیں اور انھوں نے قومی استحکام کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں لہٰذا ان کو جائز مقام نہ ملنا بڑی ناانصافی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ان کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انھوں نے فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس میں مزید تاخیر سے قبائلی عوام اور پختونوں میں محرومی پھیلے گی۔انھوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی کی مزید فعالیت کیلئے آگے بڑھے اور تمام سطحوں پر پارٹی کی تنظیم سازی اور رابطہ عوام مہم کو مضبوط بنائے ۔اس موقع پرپارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو اور صوبائی قائد سکندر حیات خان شیرپائو کی قیادت اورپارٹی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیاگیا۔