ہزارہ یونیورسٹی میں یوم پاکستان کی تقریبات کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں

جمعہ 11 اگست 2017 20:59

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں 70 ویں یوم پاکستان کی تقریبات کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، 14 اگست کو صبح 8 بجکر 55 منٹ پر یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی ہزارہ یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر، ماہر تعلیم اور فلسفی پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف عدیل ہوں گے۔

پرچم کشائی کی تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران، افسران، ملازمین اور یونیورسٹی کے اورکزئی ماڈل سکول کے اساتذہ اور طلباء و طالبات شرکت کریں گے۔ یوم آزادی کے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے یونیورسٹی میں قائم جامع الامام ملک عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود میں قرآن خوانی بھی کی جائے گی، اسی دن کی نسبت سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے آڈیٹوریم میں ایس او ایس چلڈرن ویلج اورکزئی ماڈل سکول کے بچوں کی طرف سے مختلف ٹیبلوز، خاکے اور ملی نغموں پر مشتمل تقریب منعقد ہو گی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات عامہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ یونیورسٹی کا ایف ایم ریڈیو یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی نشریات پیش کرے گا۔ اسی دن شام چار بجے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے آڈیٹوریم میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف عدیل کی کتاب ’’ ہوا کے ہاتھ خالی ہیں‘‘ کی تقریب رونما ہو گی جس میں ہزارہ بھر سے تعلق رکھنے والے فلاسفر، شعراء، ڈرامہ نگار اور ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :