ڈاکٹر طاہر القادری کا 16اگست کو مال روڈ پر دھرنا دینے کا اعلان

دھرنے میں صرف خواتین شامل ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے انصاف کی اجتماعی درخواست کے ساتھ مال روڈ پر بیٹھیں گے خواتین کب تک بیٹھتی ہیں یہ ان کا فیصلہ ہے،میں ان کے پاس اظہار یکجہتی کیلئے جائوں گا‘ سربراہ پاکستان عوامی تحریک کی پریس کانفرنس

جمعہ 11 اگست 2017 20:46

ڈاکٹر طاہر القادری کا 16اگست کو مال روڈ پر دھرنا دینے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 16اگست کو مال روڈ پر دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف خواتین چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے انصاف کی اجتماعی درخواست کے ساتھ مال روڈ پر بیٹھیں گے اور کب تک بیٹھتی ہیں یہ ان کا فیصلہ ہے ، میں ان کے پاس اظہار یکجہتی کیلئے جائوں گا، اڑھائی سال سے باقر نجفی کمیشن رپورٹ پبلک کروانے کیلئے دھکے کھارہے ہیں بتایا جائے کیا مجبوریاں ہیں، جو رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جارہی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج القرآن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، صوبائی صدور، فیاض وڑائچ، بشارت جسپال سمیت دیگر رہنما اور شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ سامنے آنی چاہیے تاکہ پتہ چلے سانحہ ماڈل ٹائون کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا گیا ہے، رپورٹ کے ٹمپرڈ ہونے سے متعلق خدشات ہیں مگر فی الحال ہمارا مطالبہ اسے پبلک کرنے کا، جب رپورٹ پبلک ہو گی تو پھر رپورٹ جاری کرنے والے جج سے اس کے مکمل درست ہونے کی توثیق حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غیر جانبدار بنچ کی تشکیل کی اپیل کررہے ہیں، ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ بنچ ہماری مرضی کا ہو مگر ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ بنچ قاتلوں کی مرضی کاہو، دکھی غمزدہ ماں باپ ،یتیم بچے چیف جسٹس جسٹس منصور علی شاہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔آپ کو سیدہ زینبؓ مظلوم اورشہدائے کربلائے معلی کے واسطے سے کہہ رہے ہیں ہمیں ہمارے شہیدوں کا انصاف دو ۔

انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم چیف جسٹس سے اس لیے درخواست کررہے ہیں کہ جو ہمارے قاتل ہیں وہ عوام کو کچلتے ہیں،عوام کے حقوق غصب کرتے ہیں، گجرات میں بچہ عوام میں سے تھا اس لیے کچلا گیا، کچلنے والے نے پلٹ کر بھی نہیں دیکھا، ایک بچہ بے مقصد ڈرامے کی نذر ہو گیا،نااہل ٹولہ اس خون ناحق کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۔

انہوں نے کہا کہ 16اگست کو شہدائے ماڈل ٹائون کی بیٹیاں، بہنیں، بیوگان اور زخمیوں کے اہل خانہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے انصاف کی اجتماعی درخواست کے ساتھ مال روڈ پر بیٹھیں گے اور میں ان کے پاس اظہار یکجہتی کیلئے جائوں گا، اڑھائی سال سے باقر نجفی کمیشن رپورٹ پبلک کروانے کیلئے دھکے کھارہے ہیں،عدالت کے احترام کے تمام تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ سے مودبانہ درخواست ہے کہ وہ عیدالاضحی کے بعد پہلے ہفتے میں غیر جانبدار بنچ تشکیل دے کر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کیے جانے سے متعلق ہماری درخواست کی سماعت اور فیصلہ کراوئیں،پاناما پر قائم جے آئی ٹی کی رپورٹ پبلک ہو سکتی ہے اور اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آسکتا ہے تو سانحہ ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک کیوں نہیں ہو سکتی یہ کرپشن کا نہیں انسانی جانوں کی حرمت کا معاملہ ہے، شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حصول کیلئے حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔