ایئر پورٹ تا قائد آباد سڑک کی تعمیر میں سیوریج کے مسائل حائل ہیں ،حل کئے بغیر سڑک کی تعمیر ممکن نہیں،میئر کراچی

اس مقام پر ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے شہریوں کو ہونیوالی شدید دشواریوں سے واقف ہیں، متعلقہ اداروں کے تعاون سے مسئلے کو حل کیا جارہا ہے ،وسیم اختر

جمعہ 11 اگست 2017 20:27

ایئر پورٹ تا قائد آباد سڑک کی تعمیر میں سیوریج کے مسائل حائل ہیں ،حل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ تا قائد آباد سڑک کی تعمیر میں سیوریج کے مسائل حائل ہیں جنہیں حل کئے بغیر اس سڑک کی تعمیر ممکن نہیں، اس مقام پر ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے شہریوں کو ہونے والی شدید دشواریوں سے واقف ہیںاور متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس مسئلے کو حل کیا جارہا ہے یہ بات انہوں نے ملیر 15 کے دورے کے موقع پر ایئر پورٹ تا قائد آباد زیر تعمیر سڑک NH5 کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا، چیئرمین ضلع کورنگی نیئر رضا، وائس چیئرمین سید احمر علی، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ملیر 15 میں روزانہ سیوریج کا پانی جمع رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ملیر 15 پر نالے کے ذریعے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں ہے، انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے کہا کہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کریںجبکہ ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور کو ہدایت کی کہ منصوبے کے اس حصے کو چھوڑ کر جہاں سیوریج کا مسئلہ ہے بقیہ سڑک کو فوری مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اب تک تین کلو میٹر سڑک تعمیر کی جاچکی ہے جبکہ بقیہ تعمیراتی کام واٹر بورڈ اور ریلوے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے اس موقع پر کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ وہ خود ڈی ایس ریلوے سے بات کرکے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرائیں گے ، واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ہاشم رضا نے کہا کہ سیوریج کے مسئلے کے حل کے لئے پی سی ون تیار کرلیا ہے اور منظوری کا انتظار ہے اور منظوری ملتے ہی اس سلسلے میں کام شروع کردیا جائے گا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اس مسئلے کی وجہ شہریوں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں اور ان کا قیمتی وقت اور ایندھن ضائع ہو رہا ہے، لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ کے ایم سی اس سڑک کو تعمیر نہیں کر رہی جبکہ اصل مسائل واٹر بورڈ اور ریلوے کی وجہ ہیں جنہیں حل کرلیا جائے تو یہ سڑک کی تعمیر بہت جلد مکمل کرلی جائے گی، میئر کراچی نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں خصوصاً سڑکوں کی تعمیر میں پانی اور سیوریج کے نظام کو پہلے ٹھیک کیا جانا چاہئے تاکہ سڑک کی تعمیر کے دوران کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ تعمیراتی کاموں میں عمدہ معیار اور پائیداری کو ترجیح دی جائے تاکہ مکمل ہونے والے منصوبوں سے شہری طویل عرصے تک مستفید ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان چیزوں کا خیال نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے سڑکیں جلد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی تھیں اور عوام کا قیمتی پیسہ ضائع ہوجاتا تھا تاہم اب ان تمام چیزوں پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور جامع حکمت عملی کے تحت ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کی پالیسی اپنائی گئی ہے جس کے حوصلہ افزائی نتائج سامنے آرہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :