پوری قوم دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے، پاکستان کو قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے، میئر کراچی وسیم اختر

ہمارا مستقبل اسی وطن سے وابستہ ہے،تمام لوگ جشن آزادی منا کر ملک سے محبت کا اظہار کریں، پرچم کشائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 11 اگست 2017 20:24

پوری قوم دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے، پاکستان کو قائد اعظم کے خوابوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ پوری قوم دہشت گردی کا مقابلہ کررہی ہے، پاکستان کو قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے،ہمارا مستقبل اسی وطن سے وابستہ ہے،تمام لوگ جشن آزادی منا کر ملک سے محبت کا اظہار کریں، یہ بات انہوں نے جمعرات کی شب ضلع کورنگی میں جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں پرچم کشائی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ڈپٹی اقبال ، ممبران صوبائی اسمبلی وقار شاہ، خالد عمر، چیئرمین ضلع کورنگی نیئر رضا، وائس چیئرمین احمر علی، کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بلال منظر، انفارمیشن سیکریٹری علی حسن ساجد، یوسی چیئرمین اور شہریوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کی تقریب کے موقع پر زبردست آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، میئر کراچی وسیم اخترنے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اس میں ہر شہری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں،کراچی میں اس سال بڑے پیمانے پر جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو خوش آئند ہے ، امید ہے کہ تمام شہری ان تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ملک سے اپنی محبت کا ثبوت پیش کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے جذام کے مرض کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے والی ڈاکٹر روتھ فائو قوم کی ہیرو تھیںجن کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے پاکستان سے جذام کے خاتمے کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا،کراچی کی کسی بڑی شاہراہ ، پل یا فلائی اوور کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز ہے تاکہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے، ڈاکٹر روتھ فائوکو اس جشن آزادی کے موقع پر ہم زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے اور ہمیں ہی اسے سنوارنا اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، ہمیں ا س ملک نے بہت کچھ دیا ہے اور ہم سب کا یہ فرض ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں ہمیں اپنے گلی کوچوں، سڑکوں اور شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا ہے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اپنے شہر کو سرسبز و شاداب بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ بظاہر ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور بہت سی رکاوٹیں عبور کرنی ہیں تاہم مشترکہ کوشش اور عزم و ہمت کے ذریعے ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکتے ہیں اور اپنے شہر کو دنیا کے بہترین شہروںمیں شامل کراسکتے ہیں۔