کھیلیں صحتمند معاشرے کی علامت ہیں ، اسد علی خان

جمعہ 11 اگست 2017 20:14

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء)میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے میئر اسد علی خان نے کہاہے کہ کھیلیں صحتمند معاشرے کی علامت ہیں جو نسلیں کھیلوں پر بھرپور توجہ دیتی ہیں وہ نہ صرف صحتمندرہتی ہیں بلکہ ہرمیدان میں سبقت لے جاتی ہیں،کھیلیں نوجوانوں میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا کرتی ہیں جس سے نوجوان نسل میں برداشت کا جذبہ پیدا ہوتاہے ، حکومت پنجاب تمام کھیلوں پر نہ صرف بھرپور توجہ دے رہی ہے بلکہ شہری ودیہی علاقوں میں بیک وقت کھیلوں کے سٹیڈیم بھی تعمیر کروا رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کھیلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کرے۔

وہ یہاں جشن آزادی کے سلسلہ میں کارپوریشن کے گرائونڈ میں کبڈی کے نمائشی میچ کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ نمائشی کبڈی میچ کے مہمان خصوصی ضلعی چیئرمین چوہدری زاہد اقبال اور مہمان اعزاز علامہ سید ضیاء الله شاہ بخاری تھے جبکہ ڈپٹی میئر چوہدری ساجد نعیم ہیپی میچ کے منتظم اعلیٰ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیئرمین یونین کونسلز چوہدری عامر عزیز ‘ چوہدری محمدندیم ‘ چوہدری طاہر حبیب اور حاجی عبداللطیف کے علاوہ کارپوریشن افسران محمدمنشاء ‘اسد بابرودیگر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد علی خان نے کہاکہ ساہیوال نے کبڈی کے میدان میں ملکی سطح پر نامور کھلاڑی پیدا کئے ہیں جو پاکستانی ٹیم میں کھیل کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ۔آخر میں مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔