حصول پاکستان کے بعد استحکام پاکستان کیلئے مسیحی برادری کی قربانیاں حقیقت کی مظہر ہیں،ڈپٹی کمشنر،چیئر مین بلدیہ

جمعہ 11 اگست 2017 20:14

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر صائمہ احد اور چیئر مین بلدیہ چوہدری اظہر محمود نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بننے والے اس ملک کی جد و جہد میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحی برادری نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے، حصول پاکستان کے بعد استحکام پاکستان کے لئے مسیحی برادری کی قربانیاں لازوال اور حقیقت کی مظہر ہیں، ملک کے دفاع ،استحکام ،ترقی و خوشحالی اور ایک روشن پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے بھی مسیحی عوام نے ہمیشہ قابل تحسین کردار ادا کیا ہے ،ہمیں متحد ہو کر پاکستان کو پوری دنیا میں ایک معتبر مقام دلوانے کے لئے اپنی اپنی حیثیت میں کام کرنا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر یک جہتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر وائس چیئرمین شیخ لیاقت علی بھولا،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال ، ضلعی افسران ،عمائدین علاقہ ،کونسلرز ،کرسچن کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر کرسچن کمیونٹی کے بچوں نے ملی نغمے اورٹیبلو پیش کئے جبکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں بھی کی گئیں ،ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے کہا کہ ملک کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو تحریک پاکستان کے پس منظر اور حصو ل پاکستان کی عظیم جد و جہد سے روشناس کروائیں، انکی تعلیم و تربیت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور پاکستان کے ہر طالب علم ،بچے اور نوجوانوں کو بلا امتیاز رنگ و نسل ،ترقی کے لئے یکسا ںمواقع فراہم کریں تاکہ بچے مستقبل میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :