(ن) لیگ نے نوازشریف پروٹوکول کی گاڑی تلےجاں بحق بچے کوتحریک کا پہلا شہید قرار دیدیا

بچے کی ہلاکت پر ورثاء کیساتھ اظہارافسوس وہمدردی،بچہ پاکستان کیلئے شہید ہوا،اللہ بچے کے درجات بلند کرے،کیپٹن (ر)صفدرکی گفتگو،12 سالہ بچہ حامد ہماری تحریک کا پہلا شہید ہے۔ خواجہ سعد رفیق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 اگست 2017 18:54

(ن) لیگ نے نوازشریف پروٹوکول کی گاڑی تلےجاں بحق بچے کوتحریک کا پہلا ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اگست 2017ء ) : مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے نوازشریف کے قافلے کی گاڑی تلےجاں بحق بچے کو تحریک کا پہلا شہید قرار دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر)صفدر نے نوازشریف کے پروٹوکول کی گاڑی تلے بچے کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بچہ پاکستان کیلئے شہید ہوا۔

اللہ بچے کے درجات بلند کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بنتے وقت 7 لاکھ لوگوں نے قربانی دی تھی۔ جبکہ وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 12 سالہ بچہ حامد ہماری تحریک کا پہلا شہید ہے۔ انہوں نے کہاکہ بچے کی شہادت پر ورثاء کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔ واقعہ سے متعلق اظہار ہمدردی کیلئے ہماری قیادت ورثاء کے گھر بھی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بچے کی ہلاکت کانوٹس لیتے ہوئے کہاکہ بچے کے ورثاء کوہرصورت انصاف فراہم کیاجائے گا۔

انہوں نے ڈی پی اوگجرات کوحکم دیاکہ واقعے سے متعلق ہرپہلوکی جامع تحقیقات کی جائیں۔ اسی طرح ڈی پی او کا کہناہے کہ معتلقہ گاڑی کے شخص کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کے قافلے کولالہ موسیٰ میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیاہے۔لالہ موسیٰ کے علاقے ڈنگہ میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کی ٹکرسے 12سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ بچہ نوازشریف کی گاڑی پرپھول پھینک رہاتھا۔نوجوان کی شناخت حامد کے نام سے ہوئی ہے۔جاں بحق بچہ رحمت آبادلالہ موسیٰ کارہائشی تھا۔جاں بحق بچے کے والدین اور بھائی لاش دیکھ کربے ہوش ہوگئے۔