شہر و کینٹ میں ہونے والی شدید بارش سے شہریوں کی نیندیں اڑ گئیں

راولپنڈی وچکلالہ کینٹ کے علاقوں ہارلے سٹریٹ ،سبزہ زار میں بھی تیز بارش کے باعث گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

جمعہ 11 اگست 2017 19:39

راولپنڈی۔11اگست (اے پی پی ( جمعہ کی علی الصبح شہر و کینٹ میں ہونے والی شدید بارش سے شہریوں کی نیندیں اڑ گئیں ،شہری گھروں اور گلیوں سے پانی نکالتے رہے ۔شہریوں کے مطابق جمعہ کی علی الصبح شہر و کینٹ میں ہونے والی شدید بارش کے دوران نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ڈھوک کھبہ ، سرفراز روڈ،امر پورہ ،نیو امر پورہ ،وارث خان ،مکھا سنگھ سٹیٹ سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں بارشی پانی آ گیا ۔

اس موقع پر شہری شدید پریشانی کا شکار رہے اور گھروں اور گلیوں سے پانی نکالنے میں مصروف رہے ۔شہریوں نے کہاکہ ان علاقوں میں ناقص سیوریج نظام کے باعث گلیاں تالاب بن گئیں اور شہری بدبودار پانی کے باعث مشکلات کا شکا ر رہے ۔ راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں ٹنچ بھاٹہ ،ڈھوک سیداں ،چکلالہ کینٹ کے علاقوں ہارلے سٹریٹ ،سبزہ زار و دیگر علاقوں میں بھی تیز بارش کے باعث گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور گٹر ابلنے لگے ۔

(جاری ہے)

شہریوںنے اے پی پی کو بتایاکہ بارشی پانی سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا تاھم شدید بارش کے دوران شہری توبہ استغفار کا ورد کرتے رہے اور خوفزدہ رہے ۔راولپنڈی کینٹ کے شہریوںنے بتایاکہ بارش کی بدولت برساتی نالے پانی سے بھر گئے تاھم حال ہی میں نالوں کی صفائی ہونے کی وجہ سے بارشی پانی گھروں میں داخل نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :