پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ،ایک ماہ کے دوران اس طرح کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں ،فردوس شمیم نقوی رہنماء پی ٹی آئی کراچی

جمعہ 11 اگست 2017 19:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے عزیز آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی ٹریفک اور ایک پولیس کانسٹیبل کے شہید ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ایک ماہ کے دوران اس طرح کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں ۔

یہ باتیں انہوں نے میڈیا سیل ’’انصاف ہائوس‘‘ سے جاری اپنے بیان میں کہیں۔ جب عوام کے محافظ ہی محفوظ نہیں تو عوام کو کون تحفظ دے گا۔ سندھ حکومت شہر میں امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ متعدد واقعات رونما ہونے کے باوجود سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سندھ حکومت نے ابھی تک کوئی حکمت عملی ترتیب نہیں دی۔

(جاری ہے)

ہم وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ سندھ سے پرز ور مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔ فردوس شمیم نقوی نے شہید ہونے والی ڈی ایس پی اور پولیس اہلکار کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں تحریک انصاف کی پوری قیادت شہید وں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

متعلقہ عنوان :