شہر میں بڑھتے جرائم کی وارداتیں ،کراچی پولیس چیف سمیت اہم افسران کی تبدیلی کا امکان

اچھی شہرت کے حامل افسران کو تبدیل کرکے پرچی والے تھانیداروں کو متعین کردیا گیا،حساس اداروں کا تحفظات کا اظہار ،ذرائع

جمعہ 11 اگست 2017 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) شہر میں ٹارگٹ کلنگ پولیس پر حملوں بینک ڈکیتیوں سمیت جرائم کی وارداتوں میں اضافے کے بعد کراچی پولیس چیف سمیت اہم پولیس افسران کو چند دن میں تبدیل کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شہر میں آپریشن کے بعد امن و امان کی صورت حال بہت بہتر ہوگئی تھی تاہم گزشتہ ماہ کراچی پولیس چیف کے تبادلے سمیت پولیس کا تنظیمی ڈھانچہ تبدیل کردیا گیا تھا جس پر حساس اداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ایماندار اور اچھی شہرت کے حامل افسران کو تبدیل کرکے پرچی والے تھانیداروں کو متعین کردیا گیا ہے۔ پولیس میں سیاسی عمل دخل اتنا بڑھ گیا ہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو بے اختیار کردیا گیا ہے۔ پولیس کی دھڑے بندی کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد ایک بار پھر سرگرم ہوگئے۔ سیاسی جماعت کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ پولیس پر حملوں اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافے اور روزانہ ڈکیتی کی وارداتوں میں مزاحمت پر معصوم شہریوں کے قتل بینکوں میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔ منشیات اور جوئے کے اڈے بھی قائم ہونے لگے ہیں اس رپورٹ کے بعد کراچی پولیس چیف نے اہم پولیس افسران کے تبادلوں پر غور شروع کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :