نوازشریف ہی پاکستان کی عوام کے حقیقی سیاسی رہنما ہیں ، پاکستان کی آنے والی نسلوں کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے،

محمد برجیس طاہر لاکھوں کی تعداد میں عوام نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کے ہمراہ لاہور جائیں گے،عوام کا نواز شریف سے اظہار محبت اور یکجہتی کا کارواں جاری رہے گا،وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان

جمعہ 11 اگست 2017 18:44

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کی کثیر تعداد محمد نواز شریف کی ریلی میں شرکت کر رہے ہیں اور جیسے جیسے یہ ریلی لاہور کی جانب بڑھ رہی ہے اس کی تعداد میں بھر پور اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں کی ریلی میں شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ محمد نوازشریف ہی پاکستان کی عوام کے حقیقی سیاسی رہنما ہیں جن کے ساتھ پاکستان کی آنے والی نسلوں کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اپنے ہر دور اقتدار میں قومی سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے پورے ملک میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائے اور محمد نواز شریف کا حالیہ چار سالہ دور حکومت بھی اس امر کی واضح عکاسی کر رہا ہے کہ محمد نواز شریف نے قومی سوچ کا ثبوت دیتے ہوئے سب سے زیادہ ترقیاتی کاموں کی توجہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں پر دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ محمد نواز شریف جیسے دور اندیش سیاسی رہنما کی ہی خصوصیت ہے کہ جنہوں نے پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کے لیے چین کے تعاون سی60 ارب ڈالرکی مالیت کا پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع کیا اور اس کا سہرا پاکستان کے پسماندہ علاقوں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے سر پر سجایا جس کے لیے وہاں کے عوام محمد نواز شریف کے بے حد ممنون ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ایسے محب وطن ، فرض شناس اور قومی سوچ رکھنے والے سیاسی رہنما کو محض اقامہ کی بنیاد پر نا اہل قرار دے دینا پاکستان کی ترقی و جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی شفاف شخصیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ مخالفین اپنے لاکھ کوششوں کے باوجود محمد نواز شریف کے خلاف کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں کرسکے ۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کودور حاضر میں پاکستان میں شفاف ترین طرز حکومت کو متعارف کرانے کا بانی قرار دیا جا سکتا ہے جنہوں نے آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان ، بلوچستان اور پنجاب سمیت وفاعی سطح پر میرٹ کی پاسداری پر عمل درآمد ممکن بناتے ہوئے شفافیت اور گڈ گورننس کی حامل صوبائی و وفاقی حکومتیں متعارف کرائیں جس کا اعتراف ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل جیسے اداروں نے بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام شفافیت اور گڈ گورننس کے حوالے سے واضح فرق خود جانچ سکتے ہیں کہ جہاں جہاں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہے وہاں محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق شفاف انداز میں عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے جا رہے ہیں اور خیبر پختونخواہ اور سندھ کی ناہل اور کرپٹ زدہ طرز حکومت کو پاکستان کا ہر خاص و عام جان چکا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں عوام اور مسلم لیگ ن کے کارکن محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کی ریلی کے ہمراہ لاہور جائیں گے اورمحمد نواز شریف سے محبت اور یکجہتی کا یہ کارواں لاہور میں تھمنے والا نہیں ہے اور یہ پیغام دیں گے کہ عمران خان جیسے سازشیوں کے لیے مستقبل میں بھی ناکامی اور رسوائی ہے اور عمران خان کی جماعت کو2013 کے مقابلے میں بھی زیادہ عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔