بیرون ممالک مقیم پاکستانی بزنس مین اور کارکنان پاکستان کا سرمایہ ہیں، ایس ایم منیر

جمعہ 11 اگست 2017 18:43

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ، فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر اور ٹڈاپ کے سابق چیف ایگزیکٹوایس ایم منیر نے کہا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی بزنس مین اور کارکنان پاکستان کا سرمایہ ہیں، بیشتر ممالک میں پاکستانیوں نے تجارتی وصنعتی شعبوں میں نہ صرف اپنا مقام بنایا بلکہ جس ملک میں بھی مقیم ہیں اس ملک اور پاکستان کے درمیان تجارت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، اس کے ساتھ ہی بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانی کارکنان پر بھی ہمیں فخر ہے جو ماہانہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد ترسیلات پاکستان بھیج رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورنٹو (کینیڈا) میں پہلے پاکستانی سیاستدان خالد عثمان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کینیڈا کے چیئرمین سید نوید بخاری، پشاور کے معروف بزنس مین خالد سلطان، نور احمد خان، محبوب شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ بیرون ممالک جاکر پاکستانیوں نے ملک کا نام روش کیا ہے اور ٹورنٹومیں بھی خالد عثمان پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے کینیڈا کی سیاست میں حصہ لیا اور پاکستان کی لاج رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایکسپورٹس اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات سے ہی ڈالر میسر آتے ہیں، دنیا میں پیدا شدہ کاروباری بحران، ایکسپورٹرز کو ریفنڈز کی ادائیگی میں تاخیر اور بڑھتی ہوئی یوٹیلیٹی قیمتوں سے ایکسپورٹ کو متاثر کیا ہے، ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل اورہماری کوششوں کی بدولت وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایکسپورٹرز کو ٹیکس ریفنڈز کی آن لائن ادائیگی شروع کردی ہے جس کے ایکسپورٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال 18ء کے پہلے ماہ جولائی میں 1541.67 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جو گذشتہ سال کے اسی ماہ میں کی نسبت 215 ملین ڈالر زیادہ ہیں جبکہ جولائی 2017ء کے دوران 161.22 ملین ڈالرز کینیڈا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، جاپان اور دیگر ملکوں سے بھی پاکستان بھیجے گئے،کینیڈا میں پاکستانی بزنس مین دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کینیڈا میں مقیم پاکستانی بزنس مین نوید بخاری کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے انعقاد کی کوششوں کو سراہتے ہیں جو عنقریب منعقد ہوگی اور ہم ان کی نمائش کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر سپورٹ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :