مرکزی و ذیلی شاہراہوں کے ساتھ اندرونی گلیوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے، جان محمد بلوچ

جمعہ 11 اگست 2017 18:41

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ تیرہ یونین کونسلوں کی کچرا کنڈیوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے، یونین کونسلوں کی سطح پر گاڑیوں کے ٹرپس اور صفائی ستھرائی کے کاموں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے ،کچرا اٹھانے کے بعد ان مقامات پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جائے تاکہ جراثیم کی افزائش کو روکا جاسکے،مرکزی شاہراہوں اور اندرونی علاقوں کی سڑکوں کے کناروں پر جمع ہونے والی مٹی کی صفائی لازمی کروائی جائے، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے گھروں اور دوکانوں کا کچرا جگہ جگہ پھینکنے سے اجتناب برتیں اور کچرا صرف بلدیہ ملیر انتظامیہ کی جانب سے مختص کچرا کنڈیوں میں ڈالیں ، کچرا مقررہ اوقات پر ڈالا جائے تاکہ بروقت اس کی صفائی عمل میں لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم ، چیئرپرسن صحت کمیٹی سائرہ بلوچ کے ہمراہ یو سی 1 دائود چورنگی تا فیوچر مورتک جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سولیڈ ویسٹ واثق ظفر بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے ڈائریکٹر سولیڈ ویسٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جائیں، ہر یونین کونسل سے روزانہ کی بنیادوں پر کچرا اٹھا کر گرنی پر ٹھکانے لگانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،سب انسپکٹر اور مقدم اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے انتہائی ضروری اقدامات کریں ۔