عوام کی کثیر تعداد محمد نواز شریف کی ریلی میں شرکت کر رہی ہے ، چوہدری برجیس طاہر

جمعہ 11 اگست 2017 18:40

عوام کی کثیر تعداد محمد نواز شریف کی ریلی میں شرکت کر رہی ہے ، چوہدری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کی کثیر تعداد محمد نواز شریف کی ریلی میں شرکت کر رہی ہے اور جیسے جیسے یہ ریلی لاہور کی جانب بڑھ رہی ہے اس کی تعداد میں بھرپور اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں کی ریلی میں شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ محمد نواز شریف ہی پاکستان کے عوام کے حقیقی سیاسی رہنما ہیں جن کے ساتھ پاکستان کی آنے والی نسلوں کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اپنے ہر دور اقتدار میں قومی سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے پورے ملک میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائے اور محمد نواز شریف کا حالیہ چار سالہ دور حکومت بھی اس امر کی واضح عکاسی کر رہا ہے کہ محمد نواز شریف نے قومی سوچ کا ثبوت دیتے ہوئے سب سے زیادہ ترقیاتی کاموں کی توجہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں پر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ محمد نواز شریف جیسے دور اندیش سیاسی رہنما کی ہی خصوصیت ہے کہ جنہوں نے پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کے لیے چین کے تعاون سی60 ارب ڈالرکی مالیت کا پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع کیا اور اس کا سہرا پاکستان کے پسماندہ علاقوں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے سر پر سجایا جس کیلئے وہاں کے عوام محمد نواز شریف کے بے حد ممنون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے محب وطن، فرض شناس اور قومی سوچ رکھنے والے سیاسی رہنما کو محض اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دے دینا پاکستان کی ترقی و جمہوری عمل کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی شفاف شخصیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ مخالفین اپنے لاکھ کوششوں کے باوجود محمد نواز شریف کے خلاف کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کودور حاضر میں پاکستان میں شفاف ترین طرز حکومت کو متعارف کرانے کا بانی قرار دیا جا سکتا ہے جنہوں نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور پنجاب سمیت وفاعی سطح پر میرٹ کی پاسداری پر عملدرآمد ممکن بناتے ہوئے شفافیت اور گڈ گورننس کی حامل صوبائی و وفاقی حکومتیں متعارف کرائیں جس کا اعتراف ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل جیسے اداروں نے بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام شفافیت اور گڈ گورننس کے حوالے سے واضح فرق خود جانچ سکتے ہیں کہ جہاں جہاں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہے وہاں محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق شفاف انداز میں عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے جا رہے ہیں اور خیبر پختونخوا اور سندھ کی ناہل اور کرپٹ زدہ طرز حکومت کو پاکستان کا ہر خاص و عام جان چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں عوام اور مسلم لیگ ن کے کارکن محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کی ریلی کے ہمراہ لاہور جائیں گے اور محمد نواز شریف سے محبت اور یکجہتی کا یہ کاررواں لاہور میں تھمنے والا نہیں ہے اور یہ پیغام دیں گے کہ عمران خان جیسے سازشیوں کیلئے مستقبل میں بھی ناکامی اور رسوائی ہے اور عمران خان کی جماعت کو 2013ء کے مقابلے میں بھی زیادہ عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :