پیپلزپارٹی ن لیگ کیساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، بلاول بھٹو زرداری

اگلی بارملک میں ہماری حکومت ہوگی،آئین کے آرٹیکل 62،63 پررضاربانی کامئوقف ان کا ذاتی ہے، پارلیمنٹ میں ملٹری اور جوڈیشری کا کوئی کردارنہیں ہونا چاہیے، نوازشریف کا جی ٹی روڈ کارواں ڈرامہ لگتاہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 اگست 2017 17:44

پیپلزپارٹی ن لیگ کیساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ  کھڑی ہے، بلاول بھٹو ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اگست 2017ء ) : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ اگلی بارملک میں ہماری حکومت ہوگی،پیپلزپارٹی ن لیگ کیساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہے، آئین کے آرٹیکل 62،63پررضاربانی کامئوقف ان کاذاتی ہے، پارلیمنٹ میں ملٹری اور جوڈیشری کاکوئی کردارنہیں ہوناچاہیے،نوازشریف کا جی ٹی روڈ کارواں ڈرامہ لگتا ہے۔

انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاناما ایشو سب سے پہلے پیپلزپارٹی نے اٹھایا۔ پیپلزپارٹی ن لیگ کیساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہے۔ سسٹم کوکوئی خطرہ نہیں صرف نوازشریف کی ذات کوخطرہ ہے۔ نوازشریف کا کوئی نظریہ نہیں وہ صرف خود کو بچانا چاہتے ہیں۔ نوازشریف کوجب ہٹا دیا گیا تواب ان کوسب یاد آرہا ہے۔

(جاری ہے)

عجیب بات ہے جب نوازشریف حکومت میں ہوتے ہیں تومیثاق جمہوریت یاد نہیں رہتا۔

نوازشریف ذوالفقاربھٹواور محترمہ پرکیے گئے مظالم کے پیچھے چھپناچاہتے ہیں لیکن ہم ان کوچھپنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم گالی گلوچ کی نہیں نظریاتی سیاست کریں گے۔این اے 120میں اپناامیدوار کھڑاکریں گے۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کاجی ٹی روڈکارواں ڈرامہ لگتاہے۔انہیں اس کاکوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ بلاول نے نوازشریف کے قافلے میں بچے کی ہلاکت کی مذمت بھی کی۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ن لیگ سے رابطہ نہیں رے گی۔نوازشریف اگررابطہ کریں گے تب بھی ان سے بات نہیں کروں گا۔بلاول نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 62،63پررضاربانی کامئوقف ان کاذاتی ہے۔رضاربانی اگرسمجھتے ہیں کہ سسٹم کوکوئی خطرہ ہے توضرور ڈائیلاگ کریں لیکن میراخیال ہے کہ پارلیمنٹ میں ملٹری اور جوڈیشری کاکوئی کردارنہیں ہوناچاہیے۔اداروں کی ایک دوسرے میں مداخلت کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنے اصولوں پرچلتی ہے کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتی۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت سے سوال کرتاہوں کہ صوبے میں لوگ کیوں لاپتاہورہے ہیں؟چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ سیاسی جج نے آصف زرداری کوانتخابی مہم نہیں چلانے دی۔لیکن اگلی بارملک میں ہماری حکومت ہوگی۔