ہمیں اپنے ملک اور اداروں میں وہ سازگار ماحول میسر نہیں ہوا جو کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے،

وائس چانسلر وفاقی اردویونیورسٹی

جمعہ 11 اگست 2017 18:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء)وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے کہاہے کہ یہ بات نہایت افسوس ناک ہے کہ ہمیں اپنے ملک اور اداروں میں وہ سازگار ماحول میسر نہیں ہوا جو کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لوگوں میں اگر اتحاد واتفاق ہو تو ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار گلشن اقبال کیمپس کے شعبہ خرد حیاتیات(مائکرو بیالوجی) کے تحت جشن آزادی اور جدید لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم سب اگرچہ طے کرلیں کہ مل کر کام کریں گے تو نہ صرف ہمارا ملک بلکہ ادارے بھی ترقی کی منازل تیزی سے طے کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ محدود وسائل اور نہایت کم وقت میں ہم نے جامعہ اردومیں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام کرنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

پرائیوٹ و سمسٹر امتحانات میں نقل کے رجحانات اور طلبہ تنظیموں کی بیجا مداخلت اور اثر ورسوخ کو ختم کیاہے۔طلباء خصوصا طالبات کے لئے پرامن اور بہترتعلیمی ماحول فراہم کیا ہے۔شعبہ خرد حیاتیات میں مزید ایک اور لیبارٹری کی تعمیر اسی سلسلے کی ایک ادنی سے کوشش ہے جس میں شعبے کی چئرپرسن اور دیگراساتذہ کا تعاون شامل ہے۔پروگرام میں رجسٹرارڈاکٹر محمد صارم، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، چئرسن ڈاکٹر منزہ ، صدر انجمن اساتذہ پروفیسر سیما ناز صدیقی، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام ڈاکٹر محمد زاہد، ڈاکٹر صائمہ فراز، ڈاکٹر سعدیہ خلیل ، ڈاکٹر عطیہ نعیم بھی شریک تھیں۔

ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے کہا کہ پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کی خوشی میں نہ صرف سائنس بلکہ فارمیسی، کامرس اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبہ جات میں انفرادی و اجتماعی طور پر مختلف پروگرام منعقد کئے گئے ہیں جن کا مقصدنئی نسل میں جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنا ہے۔طلباء و طالبات کی ان پروگرامز میں بھرپور انداز میں شرکت اس بات کی غماز ہے کہ ہماری نئی نسل نے اسلاف کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا ہے۔

اگرانہیں مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ نہ صرف اپنے ادارے بلکہ ملک کے لئے بے انتہا کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں اور ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر منزہ دانش نے کہا کہ شعبہ خرد حیاتیات میں ہر سال طلباء کی بڑی تعداد داخلہ لیتی ہے۔ انتظامیہ کے تعاون کے باعث نہایت قلیل مدت میں جدید انداز میں لیب کی تعمیر نو کردی گئی ہے جس میں بی ایس اور ماسٹرز کے طلباء عملی تربیت حاصل کریں گے۔جامعہ اردو ، گلشن اقبال کیمپس کے مختلف شعبہ جات میں پاکستان کی70ویں یوم آزادی کی خوشی میں کیک کاٹے گئے، قومی پرچم لہرائے گئے۔ طلباء و طالبات نے اس موقع پر ہونے والے پروگرامز میں ملی نغمے اور تقاریر بھی پیش کیں۔