ججوں نے عوام کی حوصلہ افزائی ، نواز شریف نے ہی قومی مینڈیٹ کی توہین کی ہے ، انور گجر

نواز شریف الیکشن سے قبل کرپشن ، مہنگائی ، بے روزگاری ، لٹیروں کو گھسیٹنے کا قوم سے وعدہ کیا تھا ، رزاق باجوہ

جمعہ 11 اگست 2017 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی جنرل محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ ، چیف آرگنائزر میر عبدانبی بروہی ، فقیر محمد کلمتی ، اقبال بلوچ ، عبدالفتح بھٹو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ججوں نے تاریخی فیصلہ سنا کر عوام کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ نواز شریف نے ہی عوامی مینڈیٹ کی توہین کی تھی کیونکہ نواز شریف نے وزیر اعظم بننے سے پہلے ملک سے کرپشن ختم کرکے چوروں ، ڈاکؤوں لٹیروں کو الٹا لٹکانے اور گھسیٹنے کا اعلان کرکے ملک سے مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوٹ مار ختم کرنے کا قوم سے وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے ملک اور عوام کو لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول کرنے کے بجائے ، بھائی بھائی بن گئے اور اپنی کرپشن کو چھپانے کے لیے زرداری ٹولے کی کرپشن کو مکمل تحفظ دیا ۔

(جاری ہے)

2013 ء کے انتخابات سے قبل نواز شریف سندھ آ کر یہاں کی تقدیر بدلنے کا عوام سے وعدہ کرتے تھے لیکن وزیر اعظم بننے کے بعد انہوں نے زرداری اور ان کے درباریوں کی قسمت بدل دی اور مزید لوٹ مار کرنے کے لیے سندھ انہیں تحفے میں دے دیا اور اپنی پارٹی کے جیتے ہوئے مسلم لیگی امیدواروں کو مفاہمت پر مبنی نگران حکومت کی مشینری کے ذریعہ جان بوجھ کر ہروایا اور مسلم لیگ (ن) سندھ سمیت پوری پارٹی و کارکنان کو مفاہمت کی بھینٹ چڑھا دیا اور پارٹی کے سچے مخلص کارکنان سے چار سال تک لاتعلقی کرکے (ن) لیگ سندھ کا اپنے ہاتھوں سے گلا گھونٹ دیا ۔

اپنی پارٹی کے کارکنان کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے نواز شریف نے ملک سے مسترد کر دہ مردہ پیپلز پارٹی کو سندھ میں آکسیجن دے کر دوبارہ زندہ کیا اور اپنی ہی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے خلاف پی پی کی سندھ حکومت کی طرف سے ہونے والی انتقامی کارروائیوں اور جھوٹے مقدمات پر خاموشی اختیار کرکے انہیں قربانی کا بکرا بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سچائی اور ایمانداری سے ساتھ دینے والوں کا نہیں بلکہ نااہل وزیر اعظم نے خود ساتھ نبھانے والوں سے دھوکہ کرکے (ن) لیگ کا سندھ سے ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیا ۔

انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ نواز شریف کو سندھ نیشنل فرنٹ سے کیے گئے تحریری معاہدے کی خلاف ورزی اور سردار ممتاز علی بھٹو سے دھوکہ کرکے سندھ کے عوام سے غداری کی سزا ملی ہے کیونکہ نواز شریف وزیر اعظم بننے سے پہلے ممتاز بھٹو کو (ن) لیگ میں شامل کرنے کے لیے ان کی منت سماجت کرتے رہتے تھے اور اقتدار میں آنے کے بعد زرداری کی کرپشن کے محافظ اور ان کے سہولت کار بن گئے ، جس کے بعد سندھ کے عوام کے دلوں میں نواز شریف اور (ن) لیگ کے خلاف نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے اور سندھ کے عوام انہیں زرداری کا یار اور کرپشن کا سردار تسلیم کرتے ہیں ۔

سندھ نیشنل فرنٹ کی (ن) لیگ سے علیحدگی کے بعد (ن) لیگ کا سندھ سے ہمیشہ کے لیے صفایا ہو چکا ہے اور آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ کوسندھ سے ووٹر تو دور کی بات امیدوار تک نہیں ملیں گے ۔