نیب نے پانامہ کیس کی مزید نقول حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

عدالت عظمیٰ سے جے آئی ٹی رپورٹ سمیت پانامہ کیس سے متعلق ریکارڈ کی تصدیق شدہ نقول فراہم کرنے کی استدعا

جمعہ 11 اگست 2017 18:23

نیب نے پانامہ کیس کی مزید نقول حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) قومی احتساب بیور( نیب) نے پانامہ کیس کی مزید نقول حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے ، جس میں عدالت عظمیٰ سے جے آئی ٹی رپورٹ سمیت پانامہ کیس سے متعلق ریکارڈ کی تصدیق شدہ نقول فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کو پانامہ کیس اور جے آئی ٹی رپورٹ کا صرف ایک ایک تصدیق شدہ سیٹ فراہم کیا گیا ہے جبکہ عدالتی حکم کے مطابق نیب کو وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز، حسین نواز ، حسن نواز ، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کیخلاف چار مختلف ریفرنسز دائر کرنے ہیں ، ریفرنسز دائر کرنے کے لیے تصدیق شدہ نقول کے مزید سیٹ ضروری ہیں ،نیب کو پانامہ کیس کی مزید نقول فراہم کی جائیں تاکہ شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کا کام جلد مکمل کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نیب سے قبل سپریم کورٹ سے پانامہ کیس سے متعلق ریکارڈ حاصل کر چکا ہے تاہم سپریم کورٹ نے نیب کو جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم ٹن فراہم نہیں کیا ہے ، نیب ذرائع کے مطابق نیب بوقت ضرورت جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم ٹن کے لیے عدالت سے رجوع کرسکتا ہے ۔