حکومت تجاوزات کیخلاف بلا تفریق آپریشن شروع کرے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

تاجر اداروں کا بھرپور ساتھ تعاون کریں گے ، مارکیٹوں میں لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو بھی درست کیا جائے ‘ اشرف بھٹی

جمعہ 11 اگست 2017 18:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت اپنے اعلان کے مطابق تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کا آغاز کرے تاجر اس اقدام میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیںگے ،بڑے حادثات سے بچنے کیلئے مارکیٹوں میں بجلی کی لٹکتی ہوئی تاروں کو بھی درست کیا جائے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انار کلی سمیت دیگر مارکیٹوں میں تجاوزات کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے خریداری کیلئے آنے والوں کو شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں اور اس کے کاروبار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے باعث امن و امان کی صورتحال کا بھی خطرہ ہوتا ہے اس لئے حکومت پنجاب اسمبلی میں کئے گئے اپنے اعلان کے مطابق تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کا آغاز کرے اور ان تجاوزات کو دوبارہ قائم ہونے سے روکنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جائے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ بجلی کی لٹکتی ہوئی تاروں کے باعث ماضی میں آگ لگنے کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں جس میں تاجروں کو لاکھوں، کروڑوں روپے کانقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔مطالبہ ہے کہ مارکیٹوں میں لٹکتی ہوئی او ربے ہنگم تاروں کو درست کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :