قائداعظم یونیورسٹی میں 70سالہ جشن آزادی اور یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں 1000 پھلدار درخت لگائے جائیں گے

جمعہ 11 اگست 2017 17:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) قائداعظم یونیورسٹی میں 70سالہ جشن آزادی اور یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں قائداعظم یونیورسٹی ایلومنائی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام محمد علی سعید فاؤنڈیشن کے تعاون سے 1000 پھلدار درخت لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے ایلومنائی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد مرتضیٰ نور نے کہا ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی، ایلومنائی ایسوسی ایش اور محمد علی سعید فاونڈیشن کے مابین طے شدہ معاہدہ کے تحت پہلے مرحلہ میں 17 اور 18 اگست کو 1000 درخت لگائے جائیں گی اور اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ، سٹوڈنٹس، ٹیچرز اور ایلومنائی ایسوسی ایشن کے اہم ترین ذمہ داران بھی موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کا مقصد بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور یونیورسٹی کے ماحول کو مزید خوشگوار بنانا ہے۔ مرتضیٰ نور کا مزید کہنا تھا کہ ایلومنائی ایسوسی ایشن جامعہ کے معاملات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن سعی کر رہی ہے اور قائداعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :