ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل عابد نذیر سے روانڈا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل چارلس آر کیونگا کی ملاقات

جمعہ 11 اگست 2017 17:18

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) وزارت دفاع کے ایڈیشنل سیکرٹری میجر جنرل عابد نذیر سے روانڈا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل چارلس آر کیونگا نے ملاقات کی۔ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ملاقات کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل عابد نذیرنے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ گہرے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے ۔

انہوں نے زور دیا کہ روانڈا پاکستان کی مسلح افواج کے تربیتی اداروں سے استفادہ حاصل کرے ۔

(جاری ہے)

پیشگی اطلاعات کی تربیت کے کورس پاکستان میں مسلح افواج کے مختلف تربیتی اداروں میں منعقد ہوتے ہیں ‘اس ضمن میں بھی ضرورت کے مطابق تعاون ہوسکتا ہے ۔انہوں نے افریقن استحکام کے حوالے سے پاکستانی تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستانی دستوں کی نمائندگی زیادہ ہے ۔انہوں نے روانڈا کی سپشل فورسز کی تربیت‘انسداد دہشت گردی اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے میں تعاون کی پیشکش کی ۔ملاقات کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں آپریشن ضرب عضب ‘نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ردالفساد کے ذریعے کردار کو بھی اجاگر کیا ۔