محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن ریونیو اکٹھا کرنیوالا محکمہ ہے ،انور خان

کوشش ہے اپنے ٹیکس ادا کرنیوالے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں ، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے پی کے

جمعہ 11 اگست 2017 16:55

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء)ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبر پختونخواہ انور خان نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن ریونیو اکٹھا کرنیوالا محکمہ ہے حکومت ریونیو سے چلتی ہے عوام سے ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں ہماری کوشش ہے کہ اپنے ٹیکس ادا کرنیوالے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں محکمہ ایکسائز ڈیرہ کی نئی عمارت تقریبا ً آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کے آخری مراحل میں ہے جس میں سیکورٹی کے علاوہ کمپیوٹر رائزڈ نظام نصب ہوگا محکمہ کیلئے اچھی ریکوری کرنیوالے افسران کے لئے انعامات دیئے جائینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی نئی عمارت کے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبر پختونخواہ رانا نادر اور ای ٹی او ڈیرہ انجینئر اصغر خان وزیر بھی موجود تھے ،ڈی جی انور خان نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کو سہولت دینے کیلئے مستقبل میں آن لائن پیمنٹ کی سہولت دینگے ہر ضلع اور با الخصوص بڑے اضلاع میں صارفین کو تمام سہولیات دینگے جس طرح پشاور میں موٹر سائیکل کی رجسٹریشن صرف ایک دن میں دے رہے ہیں اسی طرح جلد ہی ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر اضلاع میں اس سہولت کادائرہ کار بڑھایا جارہا ہے بجلی کے مسئلہ کے حل کیلئے نئے تعمیر ہونیوالی عمارت میں جنریٹر اور شمسی سولر پینل بھی موجود ہوگا تاکہ صارفین کو سہولت مل سکے اس موقع پر ای ٹی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اصغر وزیر نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیرہ نے اپنے ریکوری کے ٹارگٹ کو 137فیصد زائد حاصل کیا صرف پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 54فیصد زائد ریکوری کی ہے جو ڈیرہ اسماعیل خان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئی، انجنیئرمثل خان بیٹنی نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی عمارت تین مرلہ ہے جسکے 28کمرے ،میٹنگ ہال ،کچن اور مسجد کی سہولت موجود ہے جدید سہولیات سے آراستہ عمارت بنائی گئی ہے جو جدید طرز پر ہے ۔