پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں، رائو شہاب الدین

جمعہ 11 اگست 2017 16:51

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) ڈپٹی میئرلاہور رائو شہاب الدین نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کے دورمیں پاکستان نے بے مثال ترقی کی ہے ، مسلم لیگ (ن) کے ہاتھوںپاکستان کی تقدیر بدلتے دیکھ کر مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے،پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں، عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن ) کا مشن ہے اورفلاح عامہ کے منصوبوں کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اورگزشتہ چار برس کے دوران رکاوٹوں کے باوجود فلاح عامہ کے منصوبوں کوشفافیت اوررفتار کے ساتھ مکمل کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے اپنے قائد سے والہانہ محبت کا اظہارکرکے مخالفین کی ناک میں دم کردیا،ابھی تو گوجرانوالہ اور لاہور باقی ہے جہاں نواز شریف کاتاریخی استقبال مخالفین کا سیاسی مستقبل تاریک کردے گا ، لاہور کے عوام بڑی شدت اور بے تابی سے اپنے قائد نواز شریف کا انتظار کررہے ہیں اور ان کی جھلک دیکھنے اور آواز سننے کیلئے بے قرار ہیں،عمران خان نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف گھنائونی سازش کی تاہم عوام نے اپنے اتحاد کی طاقت سے اس سازش کو ناکام بنایا، باشعور عوام جھوٹ کے ماہر سیاستدان کی منفی سوچ اور انتشار پر مبنی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، بے بنیاد الزامات لگانے والے اس سیاستدان کی جماعت کو ہر الیکشن میں شکست ہوئی ہے، جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے والے سیاستدان قوم کو گمراہ نہیں کرسکتے، نیا پاکستان بنانے کے دعویدار یہ عناصر پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں، سیاست دیانت اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کا نام ہے،عوام کی خدمت سے عاری سیاستدان دشنام طرازی اور جھوٹ کے ذریعے سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں اور ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والے نام نہاد سیاستدانوںکے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور باشعور عوام ملکی معیشت اور ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں،انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کے باعث آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہو گی۔