جنرل بس سٹینڈ سرگودہا میں 8 ترقیاتی سکیموں پرکام جاری

جمعہ 11 اگست 2017 16:25

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء)جنرل بس سٹینڈ سرگودہا میں آٹھ ترقیاتی سکیموں پر پونے چودہ کروڑ روپے کے اخراجات ہو رہے ہیں جبکہ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی چار نئی سکیمیں بھی شامل کر لی گئی ہیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت جنرل بس سٹینڈ کے ترقیاتی کام کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فاروق حیدرعزیز کے علاوہ ٹرانسپورٹر ز ا یسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ یہ بس سٹینڈ پنجاب کا ماڈل بس سٹینڈ ثابت ہو گا جہاں مسافرخانے میں ایئر کنڈیشنر کی سہولت بھی حاصل ہو گی ۔ علاوہ ا زیں اجلاس کو بتایاگیا کہ ویٹنگ ایریا ‘ ہال اور دفاتر کی اپ گریڈیشن پر ایک کروڑ سات لاکھ 95 ہزار روپے خر چ کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کا تیس فیصد کام مکمل ہو چکاہے ۔ اسی طرح جنرل بس سٹینڈ میں 15 ٹائلٹ پر مشتمل بلاک کی تعمیر کا 70فیصد کام مکمل کر لیا گیاہے اسی طرح بس سٹینڈمیںبیس لاکھ روپے کی لاگت سے 44 سٹریٹ لائٹس لگانے کا کام مکمل کیا جاچکا ہے اسی طرح پرانے ٹائلٹ بلاک کی مرمت مکمل ہو چکی ہے جس پر ایک لاکھ 52ہزار روپے کے اخراجات کئے گئے ہیں ۔

اجلاس کو مزید بتایاگیاکہ بس سٹینڈ میں چار کر وڑ چھ لاکھ 27 ہزا رروپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیرکے پارٹ ون کاکام مکمل کیاجاچکاہے جبکہ پارٹ ٹو پر پانچ کروڑ کے اخراجات ہو رہے ہیں ۔ اسی طرح ایک کروڑ 97 لاکھ72 ہزار روپے کے اخراجات سے سیوریج /ڈرینج کا ساٹھ فیصد کام مکمل کیاجاچکاہے جبکہ ایک کروڑ 21لاکھ 87 ہزار روپے کے اخراجات سے واٹر سپلائی کا چالیس فیصد تک کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکاہے ۔