محنت کشوں کی عزت و وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے ‘ انکے حقوق کا بھرپور تحفظ کیاجائیگا‘ دیہاڑی دار مزدور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ‘ جموں کشمیر پیپلزنیشنل پارٹی پوری قوت کے ساتھ انکے شانہ بشانہ جدوجہد کریگی

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے مرکزی چیئرمین ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ کاتقریب حلف برداری سے خطاب

جمعہ 11 اگست 2017 16:10

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) محنت کشوں کی عزت و وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے ۔ انکے حقوق کا بھرپور تحفظ کیاجائیگا۔ دیہاڑی دار مزدور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ۔ جموں کشمیر پیپلزنیشنل پارٹی پوری قوت کے ساتھ انکے شانہ بشانہ جدوجہد کریگی ۔ دیہاڑی دار مزدور یونین کا قیام خوش آئنداور انکے حقوق کے تحفظ کا ضامن ثابت ہوگا۔

ان خیالات کااظہار جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے مرکزی چیئرمین ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز یہاں دیہاڑی دار مزدور یونین میرپور کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب جو کشمیر پریس کلب میرپور میں منعقد ہوئی ۔ دیہاڑی دار مزدور یونین میرپور کے نومنتخب صدر حبیب الرحمن عارف عاصی ، سینئرنائب صدر مستری عبدالجبار ، نائب صدر مستری محمد اشرف، جنرل سیکرٹری مرزا محمد الیاس ، ایڈیشنل سیکرٹری محمد فیاض ، رابطہ سیکرٹری مستری محمد عامر جبکہ سرپرست اعلیٰ چوہدری ناصر اور چیئر مین مستری محمد عارف نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دیہاڑی دار مزدور یونین میرپور کے صدر حافظ حبیب الرحمن عارف عاصی ، جنرل سیکرٹری مرزا محمد الیاس ، جے کے پی این پی کے چیف آرگنائزر اسلم وطنوف، احتشام خواجہ ایڈووکیٹ، شبیر قادری ، رضوان کرامت ، آصف کشمیری ، ناصر چوہدری و دیگر مزدور رہنمائوں نے بھی خطاب کیااور محنت کشوں کے مسائل بالخصوص دیہاڑی دار مزدوروں کو درپیش مسائل کا ذکر کیا جبکہ جموں کشمیر پیپلزنیشنل پارٹی کے مرکزی چیئرمین ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیروترقی میں محنت کشوں کا کردار بنیادی نوعیت اور انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔

مگر بدقسمتی سے محنت کشوں کو ان کی محنت کی مناسب اجرات نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے وہ بے پناہ مسائل کا شکار رہتے ہیں حالانکہ بڑی بڑی عمارات ، حکمرانوں اور سرمایہ داروں کے عالیشان محلات کی تعمیرات محنت کشوں کی ہی مرہون منت ہوتی ہیں مگر بالادست طبقات سرمایہ دارانہ نظام کے ذریعے محنت کشوں اور غریب عوام کے حقوق غضب کر کے انہیں مسائل کی دلدل میں دھکیل رکھا ہے تاکہ وہ روزی روٹی کے چکر میں پڑے رہیں یہی وجہ ہے کہ جموں کشمیر پیپلزنیشنل پارٹی اس نظام کے خاتمے اور محنت کشوں کو انکے حقوق دلانے کیلئے شروع دن سے ہی سرگرم عمل ہے ۔

انہوںنے کہا کہ غریب عوام محنت کشوں اور کسانوں کا وسیع تر اتحاد کسی بھی ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے مگر حکمران اور بالادست طبقات ریاستی قوت کے استعمال سے ایسا نہیں ہونے دیتے مگر انہیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ایک دن غریب عوام ، محنت کشوں اور کسانوں کا اتحاد سرمایہ دارانہ نظام کو نیست و نابود کر کے رکھ دے گااور غریب عوام ، محنت کشوں اور کسان ہی اصل حکمران ہونگے ۔ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ جموں کشمیر پیپلزنیشنل پارٹی دیہاڑی دار مزدور یونین میرپور کے ساتھ محنت کشوں کے حقوق کیلئے پوری قوت کے ساتھ جدوجہد کریگی اور دیہاڑی دار مزدروں کے حقوق کا ہر طرح تحفظ کیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :