سماجی تنظیم المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے ادارہ بحالی جسمانی معذوراں کے زیراہتمام پاکستان کے 70ویں جشن آزادی کے حوالہ سے خصوصی بچوں کی ’’پاکستان زندہ باد ریلی‘‘ کاانعقاد

جمعہ 11 اگست 2017 16:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) سماجی تنظیم المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے ادارہ بحالی جسمانی معذوراں کے زیراہتمام پاکستان کے 70ویں جشن اازادی کے حوالہ سے خصوصی بچوں کی ’’پاکستان زندہ باد ریلی‘‘ کاانعقاد، پاکستان زندہ باد ریلی میں معذوربچوں اورخواتین سمیت مختلف طبقہ زندگی کے افراد کی شرکت،ریلی کے شرکاء نے پاکستان کے سبزہلالی پرچم اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے،پاکستان زندہ باد ریلی کاآغاز ڈسٹرکٹ کمپلیکس احاطہ سے ہوا‘ جو مرکزی ایوان صحافت کے سامنے اختتام پذیر ہوئی،پاکستان زندہ باد ریلی میں شریک وہیل چیئر یوزربچے پاکستان کے ترانے گنگنارہے تھے،ریلی میں المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی آزادکشمیر کے صدر عتیق احمدکیانی، انجمن تاجران کے صدر شوکت نواز میر ، محکمہ سوشل ویلفیئر کے آفیسر مختارعباسی،وزیراعظم آزادکشمیرکے پبلک ریلیشن آفیسر آصف مصطفائی،المصطفیٰ شعبہ خواتین کی جنرل سیکرٹری محترمہ نسیم عظیم سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان زندہ باد ریلی کے اختتام پر خصوصی افراد کی جانب سے مرکزی ایوان صحافت کے کانفرنس ہال میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ادارہ بحالی جسمانی معذوراں اور المصطفیٰ سنٹر آف ہوپ میں زیرعلاج اور زیرتربیت بچوں نے ٹیبلو، ملی نغمے اور ترانے پیش کئے۔اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی آزادکشمیر کے صدر عتیق احمدکیانی، انجمن تاجران کے صدر شوکت نواز میر ، محکمہ سوشل ویلفیئر کے آفیسر مختارعباسی ،المصطفیٰ شعبہ خواتین کی صدر محترمہ سمیرابیگ،ادارہ بحالی جسمانی معذورازں میں زیرعلاج خاتون محترمہ کوثر سمیت دیگرمقررین نے کہاکہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے اس کی حفاظت اور ترقی و خوشحالی کیلئے ہر طبقہ زندگی کے افرادکو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

مقررین کاکہنا تھاکہ مستحکم اور مضبوط پاکستان ہی کشمیرکی آزادی اور تکمیل پاکستان کاضامن ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے پہلے ہی اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کردیاتھا ، کشمیری عوا م 70سالوں سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں اور بھارت کے غاصبانہ تسلط سے کشمیر کو آزادکرواکر پاکستان کا حصہ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔مقررین نے کہاکہ پاکستان کے جشن آزادی کی خوشیوں میں خصوصی افراد کو شامل کرکے المصطفیٰ نے احسن اقدام اٹھایاہے۔ المصطفیٰ کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے مقررین نے کہاکہ نارمل بچوں کی طرح خصوصی بچوں کو بھی مختلف سرگرمیوں میں شامل کر کے ان کے دلوں سے احساس محرومی ختم کرنے کے لئے المصطفیٰ کی مختلف سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔

متعلقہ عنوان :