وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر خان کا راولپنڈی پہنچنے پر وفاقی وزراء نے پرتپاک استقبال کیا

فاروق حیدر خان سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی میں مقبول ترین لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں‘ریلی میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کی گاڑی پر گل پاشی کی جاتی رہی ‘ملک بھر سے آئے لیگی کارکنان فاروق حیدر خان سے ملاقاتیں کرتے رہے

جمعہ 11 اگست 2017 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان میاں محمد نواز شریف کی ریلی میں مقبول ترین لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔ریلی میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کی گاڑی پر گل پاشی کی جاتی رہی اور ملک بھر سے آئے مسلم لیگی کارکنان وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقاتیں کرتے رہے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان جب پنجاب ہوئوس راولپنڈی پہنچے تو وفاقی وزراء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر میاں محمد نواز شریف نے انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ ریلی میں ساتھ رہنے کے بجائے لاہور میں میرے ساتھ ہوں ۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ ریلی کے ساتھ ہی لاہور جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزرء احسن اقبال ، عابد شیر علی، محترمہ ماروی میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ ریلی کے پہلے اور دوسرے روز وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان لیگی کارکنان کی توجہ کا مرکزبنے رہے۔ ملک کے چاروں صوبوں سے آئے لیگی عہدیداران اور لیگی کارکنان راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقاتیں کرتے رہے۔ راہنمائوں او رکارکنان کی بڑی تعداد وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ تصاویر بنواتی رہی۔

ریلی میں آزاد کشمیر بھر سے کارکنا ن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر کے وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزراء فوری طور پر مظفرآباد پہنچیں اور دفاتر میں بیٹھ کر لوگوں سے ملیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ان افسران سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے جو اجازت کے بغیر سٹیشن چھوڑ گئے ہیں ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں لوڈ شیڈنگ میں اضافے کی وجوہات سے متعلق رپورٹ پیش کرے۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے۔ اور شیڈول کے مطابق ہی لوڈ شیڈنگ کی جائے۔ آزاد کشمیر میں جبری لوڈ شیڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جہاں کہیں بھی شیڈول سے زائد لوڈ شیڈنگ کی شکایت سامنے آئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ اس سلسلہ میں محکمہ برقیات پوری طرح الرٹ رہے۔

متعلقہ عنوان :