پنجاب حکومت نے مختلف سیکٹرز کی4ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 29 ارب2کروڑ62لاکھ سے زائد کی منظوری دیدی

جمعہ 11 اگست 2017 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے دسویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی4ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر29 ارب2کروڑ62لاکھ 22ہزار روپے کی منظوری دے دی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے دسویں اجلاس میں جن 4ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں خادم پنجاب آبِ صحت منصوبہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کیلئے 9 ارب 25 کروڑ 30 لاکھ روپے، صوبہ پنجاب میں اریگیشن چینلز کے مقام پر اریگیشن واٹر سپلائی میں بہتری کیلئے 6 ارب 22 کروڑ روپے، ڈیرہ غازی خان میں مظفر گڑھ سے لے کر ڈی جی خان تک سڑک لمبائی 20.60 کلومیٹر کو دو رویہ کرنے کیلئے 7 ارب 26 کروڑ 77 لاکھ 41 ہزار روپے اور ضلع مظفر گڑھ میں مظفر گڑھ سے لے کر ڈیرہ غازی خان تک دو رویہ سڑک کل لمبائی 31 کلومیٹر کو تعمیر کرنے کیلئے 6 ارب 28 کروڑ 54 لاکھ 81 ہزار روپے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :