اداکارہ ماہرہ خان کا آغا خان یونیورٹی میں خصوصی لیکچر

اپنی زندگی کے تجربات شیئر کیے جو یقینا لوگوں کو متاثر کرنے میں کافی مددگار ہیں جب آپ اپنی زندگی میں کسی مشکل میں مبتلا ہوجاتے ہیں تو یقین آپ کی مدد کرتا ہے، ماہرہ خان

جمعہ 11 اگست 2017 15:28

اداکارہ ماہرہ خان کا آغا خان یونیورٹی میں خصوصی لیکچر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے آغا خان یونیورسٹی میں منعقدہ خصوصی لیکچر سیریز میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے تجربات شیئر کیے جو یقینا لوگوں کو متاثر کرنے میں کافی مددگار ہیں۔ اس موقع پر ماہرہ خان کو مداحوں کے ایک بڑے ہجوم نے گھیرے رکھا، تاہم ماہرہ خان ہر ایک سے کافی خوش مزاجی سے ملیں، سیلفیز لیں اور لوگوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دیے۔

ماہرہ خان کی تقریر کا فوکس خود پر یقین رکھنا، کامیابی حاصل کرنے کا فارمولا، شکست سے نہ ڈرنا اور خواب دیکھنا جیسی متاثر کن باتوں پر رہا۔اداکارہ نے کہا یقین ایک بہت خوبصورت اور اہم چیز ہے اور اس کی اہمیت اس وقت زیادہ ہوتی ہے جب یہ ختم ہوجائے۔ماہرہ کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ اپنی زندگی میں کسی مشکل میں مبتلا ہوجاتے ہیں تو یقین آپ کی مدد کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرہ خان نے اپنے کیریئر کے ابتدا میں سامنے آنے والے مسائل کے حوالے سے بتایا کہ وہ کالج کے دنوں میں کافی جدوجہد کرتی رہیں، انہوں نے دو ملازمتیں کی، لیکن انہیں یقین تھا کہ ایک دن انہیں اس کا پھل ضرور ملے گا۔کامیاب اور ناکامی کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ کامیاب ہونے کے لیے ہم سب کو ناکامی سے گزرنا پڑتا ہے اور وہ عملی اور ذاتی زندگی میں ناکامی دیکھ چکی ہیں۔

اپنی پہلی فلم بول کے بارے میں ماہرہ نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے انہیں اس فلم میں کردار کرنے سے منع کیا تھا کیوں کہ یہ کردار کافی چھوٹا تھا، تاہم انہوں نے اپنے دل کی بات سنی، ماہرہ نے اپنے کامیاب ڈرامے ہمسفر میں کام بھی ایسے ہی کیا تھا۔ان دونوں ہی پروجیکٹ کے کامیاب ہونے کے بعد کامیابی ان کے قدم چومنے لگی۔اپنی پہلی بولی وڈ فلم رئیس کے حوالے سے ماہرہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فلم رئیس میں کوئی خاص کریڈٹ نہیں دیا گیا اور جب فلم ریلیز ہوئی تو مجھ پر ہندوستان میں پابندی لگادی گئی جبکہ میری فلم پر پاکستان میں بھی پابندی عائد کردی گئی۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا، امید ہے مجھے میری ایرانی فلم میں کریڈٹ دیا جائے، کیوں کہ بیرون ملک کسی فلم میں کام کرنا بڑی بات ہے۔

متعلقہ عنوان :