نواز شریف کے قافلے میں ایک ہزار سے زائد سرکاری گاڑیوں کا انکشاف

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے 1200 گاڑیاں لائی گئیں،قافلے میں پنجاب پولیس کی گاڑیاں بھی شامل تین روز تک ان گاڑیوں میں پٹرول مفت فراہم کیا گیا جو وزارت کیڈ کی رسیدوں پر دیا گیا

جمعہ 11 اگست 2017 15:25

نواز شریف کے قافلے میں ایک ہزار سے زائد سرکاری گاڑیوں کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی میں ایک ہزار سے زائد سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور ان گاڑیوں کے لئے تین روز تک سرکاری رسیدوں پر پٹرول کی مفت فراہمی کا انکشاف ہوا ہے ،ذرائع کے مطابق600 گاڑیاں آزاد کشمیر ، 600 گاڑیاں گلگت بلتستان اور ہزارہ ڈویژن سے نواز شریف کے قافلے کے لئے لائی گئیں ،ان گاڑیوں کے لئے پٹرول کا انتظام بھی سرکاری وسائل سے کیا گیا ،ذرائع کے مطابق کسی رکن قومی اسمبلی و سینیٹ نے گاڑیوں کے قافلے کے لئے سرکاری کے بجائے پرائیویٹ گاڑیوں کے لئے احکامات جاری نہیں کئے ،وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی اپنی وزارت کی گاڑیاں نواز شریف کے قافلے میں لائے جبکہ ان گاڑیوں کے لئے پٹرول کیڈ کی وزارت کی رسیدوں پر جاری کیا گیا ،ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کے ان قافلے میں ان گاڑیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں سکیورٹی اور پنجاب پولیس کی گاڑیاں بھی شامل ہیں جن کے لئے پٹرول سرکاری وسائل سے لیا گیا اور سکیورٹی ایک ایسے شخص کو فراہم کی گئی جس کے پاس کوئی سرکاری عہدہ ہی نہیں ہے۔