مقامی تیار شدہ گاڑیوں کی فروخت 41 فیصد بڑھ گئی

جولائی 2016میں ٹریکٹرز کی فروخت 2055یونٹس رہی تھی

جمعہ 11 اگست 2017 15:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2017ء)نئے مالی سال کے آغاز پر گاڑیوں کی فروخت میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آٹو انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2017کے مہینے میں مقامی سطح پر تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت 19ہزار 577یونٹس رہی جبکہ گزشتہ سال جولائی کے دوران 13ہزار 932گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔ اس لحاظ سے گاڑیوں کی فروخت سال بہ سال 41فیصد جبکہ جون 2017کے مقابلے میں 27فیصد زائد رہی۔

(جاری ہے)

پاک سوزوکی کی فروخت جولائی 2016کے مقابلے میں 37فیصد اضافے سے 10ہزار 448یونٹس رہی۔ انڈس موٹرز کی فروخت 11فیصد اضافے سے 4618یونٹس رہی جبکہ ہونڈا کارز کی فروخت 113فیصد اضافے سے 4511یونٹس تک پہنچ گئی۔ تینوں کمپنیوں کی فروخت جون 2017کے مقابلے میں بالترتیب 16فیصد، 28فیصد اور 58فیصد زائد رہی۔کسانوں کو ٹریکٹرز کی خریداری پر سیلز ٹیکس میں رعایت، کھاد پر دی جانے والی سبسڈی اور پیداوار میں اضافے کی وجہ سے جولائی 2017کے دوران مقامی سطح پر تیار کردہ ٹریکٹرز کی فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 125فیصد اضافے سے 4619یونٹس تک پہنچ گئی جولائی 2016میں ٹریکٹرز کی فروخت 2055یونٹس رہی تھی۔