یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ،پنجاب کے میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے کل منعقد ہونیوالے انٹری ٹیسٹ کے تمام انتظامات چیک لسٹ کے مطابق پیشگی بنیادوں پر مکمل کر نے کی ہدایت

جمعہ 11 اگست 2017 14:31

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام صوبہ پنجاب کے میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے کل اتوار 20 اگست کو منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے تمام انتظامات چیک لسٹ کے مطابق پیشگی بنیادوں پر مکمل کر نے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) خالد مسعود فروکہ نے انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے لئے ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی احمر سہیل کیفی ‘ سی ای او ( ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ) ڈاکٹر ظفر عباس ‘ رجسٹرار زرعی یونیورسٹی چوہدری محمد حسین ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ کوارڈینیشن یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اعجاز حسین ‘ کنٹرولر امتحانات جی سی وومن یونیورسٹی رضوانہ تنویر رندھاوا ‘ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس ا فیئرز جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم سہیل ‘ کوارڈینیٹر یو ایچ ایس محمد رمضان کے علاوہ سول ڈیفنس ‘ ٹریفک پولیس ‘ ریسکیو 1122 ‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ‘پارکنگ کمپنی ‘ فیسکو ‘ میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے کہا کہ تینوں امتحانی مراکز ( زرعی یونیورسٹی ‘ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اولڈ کیمپس اور گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون میں سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات ہونے چاہئیں اس ضمن میں واک تھرو گیٹس کی تنصیب ‘ٹیکینکل سویپنگ اور دیگر ضروری آلات فنکشنل رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرز پر انٹری ٹیسٹ کے دوران بجلی کی بلاتعطل سپلائی کے لئے جنریٹر کا متبادل انتظام کیا جائے اور امتحانی مراکز میں طالب علموں کو کم روشنی کی شکایت پیدا نہ ہو ۔

انہوں نے امتحانی میٹریل کو متعلقہ سنٹرز تک بحفاظت پہنچانے کے لئے خصوصی بندوبست ‘ ٹریفک مینجمنٹ ‘ پارکنگ ایریاز مختص کرنے کے علاوہ صفائی ستھرائی ‘ ہیلتھ ڈیسک کا قیام ‘ رہنمائی بورڈز ‘ پینے کا صاف پانی‘ انتظار گاہ ‘ ایمبولینسز اور ڈاکٹرز کی موجودگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے خوشگوار انعقاد کے سلسلے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہئے ۔

یونیورسٹی کے نمائندگان نے انٹری ٹیسٹ کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیا جبکہ کوارڈینیٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بتایا کہ امتحان میںمجموعی طور پر 6643 امیدوار شرکت کر رہے ہیں جن میں 4243 طالبات اور 2400 طلباء شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز کے اندر تمام تر انتظامات کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ہو گی جنہیں حتمی شکل دی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :