سبز ہلالی پرچم سے مزین ملبوسات کی فروخت اور زیب تن کرنے کے رجحان میں اضافہ

جمعہ 11 اگست 2017 14:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء) یوم آزادی کی مناسبت سے سبز ہلالی پرچم سے مزین ملبوسات زیب تن کرنے اور ان کی فروخت کے رجحان میں بے پناہ اضافہ ہو گیا، خواتین اور بچوں کے تیار ملبوسات اور درزی خانوں پر سبز رنگ کے قمیض اور سفید شلوار والے سوٹوں کی تیاری کا کام زور پکڑ گیا۔ ملک بھر میں 70 واں یو م آزادی شایان شان طریقہ سے منانے کے لئے ہر کوئی تیاریوں میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

اس مرتبہ قومی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے ملبوسات کی خرید و فروخت کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ ٹیکسٹائل کے شعبہ نے اس حوالے سے تیاری میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ چھاپہ خانوں میں بھی شرٹس اور قمیضوں پر قومی شناخت کے لوگو، پرچم کی چھپوائی کی جارہی ہے اور وطن عزیز سے والہانہ عقیدت اور محبت کے اظہار کیلئے انگریزی اور اردو زبان کی ستھریوں کی چھپوائی کی جارہی ہے۔ جگہ جگہ تجارتی مراکز اور گلی محلوں میں خصوصی سٹالوں پر ان ملبوسات اور سلے ان سلے کپڑوں کی خرید وفروخت کاسلسلہ تیزی سے جاری ہے۔