قطری فضائی کمپنی پر ہماری حدود تاحال ممنوع ہے،سعودی شہری ہوا بازی

جمعہ 11 اگست 2017 14:31

قطری فضائی کمپنی پر ہماری حدود تاحال ممنوع ہے،سعودی شہری ہوا بازی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) سعودی شہری ہوا بازی کے محکمے نے واضح کیا ہے کہ قطر کے سفارتی بائیکاٹ اور سفری پابندیاں عاید کیے جانے کے بعد قطر کی سرکاری فضائی کمپنی کو سعوی عرب کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی شہری ہوا بازی کے ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری حکومت قطر کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم ہے۔

سعودی عرب نے قطر کی رجسٹرڈ فضائی کمپنیوں کو سعودی عرب کی فضا اور ہوائی اڈوں کو استعمال کرنے سے سختی سے روک رکھا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں آنے والی اطلاعات جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ بائیکاٹ کے باوجود قطری فضائی کمپنی کے مسافربردار جہاز سعودی اور دوسرے بائیکاٹ کرنے والے ملکوں کی فضائی حدود استعمال کررہے ہیں، قطعی بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

سعودی حکام نے باور کرایا ہے کہ جب سے چار عرب ممالک نے قطر کا سفارتی بائیکاٹ شروع کیا ہے اس کے بعد قطر کی کسی سرکاری کمپنی کے ہوائی جہازوں کو ان ملکوں کی فضائی حدود استعمال نہیں کرنے دی گئیں ہیں۔ یہ اقدام عالمی سلامتی کے اصولوں اور مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے جون میں قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی اور مالی معاونت کے ساتھ ساتھ عرب ملکوں میں عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :