سی پی ایل کھیلنے والے قومی کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ کیلئے طلب

شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ، بابر اعظم، عماد ، حسن علی، شعیب ملک اور شاداب خان کو20 اگست تک واپس آنے کی ہدایت

جمعہ 11 اگست 2017 14:25

سی پی ایل کھیلنے والے قومی کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ کیلئے طلب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیربئین پریمئیر لیگ کھیلنے والے کرکٹرز کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ پی سی بی نے کرکٹرز کو فٹنس ٹیسٹ اور نیشنل ٹی20 کے لئے طلب کر لیا ۔شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، بابر اعظم، عماد وسیم، حسن علی، شعیب ملک اور شاداب خان سی پی ایل کھیلنے میں مصروف ہیں ان کھلاڑیوں کو20 اگست تک واپس آنے کی لئے کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد22 اور23 اگست کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس شیڈول ہیں جبکہ ان کرکٹرز کے نام25اگست سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی 20 کپ کے لئے بھی شامل ہیں۔کھلاڑی سی پی ایل چھوڑ کر وطن واپسی کے احکامات کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ویسٹ انڈیز سے بورڈ کے ساتھ رابطہ کر کے معاملات طے کر رہے ہیں۔لیکن پی سی بی کا موقف یہی ہے کہ کرکٹرز کو واپس آنا ہے۔ پی سی بی ایک دو کرکٹرز کو بھی اجازت دینے کے حق میں نہیں ہے کیونکہ اس سے دوسرے کھلاڑیوں کو اچھا پیغام نہیں جائے گا۔