فیصل آباد میں پیر کو جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایاجائیگا

جمعہ 11 اگست 2017 14:16

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء)فیصل آباد میں پیر14 اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے اور قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا جبکہ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد تمام بڑی بڑی مساجدمیںوطن عزیز کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، اخوت و بھائی چارے اوروطن عزیز کی خدمت کی توفیق کی دعائوں سے ہوگا ۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب صبح آٹھ بجکر 58 منٹ پر کمشنر آفس کے احاطہ میں منعقد ہو گی جس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ‘ ڈویژنل کمشنر ، ڈی سی، چیئرمین ضلع کونسل، میئر میونسپل کارپوریشن اور دیگر افسران کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری شریک ہونگے اور وہ بیک زباں ہو کرقومی ترانہ پڑھیں گے ۔

اس موقع پر پولیس اور سول ڈیفنس کے جاق و چوبند دستوں کا مارچ پاسٹ ہوگا اوربچے ملی نغمے پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں ‘ سماجی و کاروباری تنظیموں ‘ نظریہ پاکستان فورم اور دیگر شعبوں کی جانب سے ہمہ نوعیت کے پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں جس کے دوران سیمینار، میٹنگز، کانفرنسز، مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے مابین تقریری و مضمون نویسی کے مقابلے منعقد ہونگے جبکہ صوبوں کے طلبا کے باہمی دورے ،کتابوں / آرٹیکلز کی نمائش ، کوئز مقابلہ جات، قرات، نعت خوانی ، موضوعاتی سٹیج ڈرامے اور قومی و مقامی زبانوں میں مشاعرے ، ملی نغمے بھی یوم آزادی کی تقریبات کے پروگرامز کا حصہ ہیں ۔

جشن آزادی کے دیگر پروگرامز کے مطابق فیصل آباد آرٹس کونسل اور ریڈیو پاکستان فیصل آباد کی طرف سے مختلف ایونٹس کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ یونیورسٹیوں اور مختلف تعلیمی اداروں میں بھی جشن آزادی کے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ یوم آزادی کے سلسلہ میں فیصل آباد کے مختلف بازاروں ، مارکیٹوں،کمرشل سنٹرز، ہسپتالوں، شاہراہوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں ، قومی پرچموں اور دیگر آرائشی لائٹس سے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیاہے جبکہ رات کے وقت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں ہو گا ۔ یوم آزادی پروگرامز کے انعقاد کے سلسلے میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی سمیت دیگر تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں ۔