جدید تقاضوں کے مطابق سپرے سے ہی کرم کش ادویات مئو ثر ثابت ہو سکتی ہیں،محکمہ زراعت

جمعہ 11 اگست 2017 14:11

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو زہرپاشی کو مئو ثر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں اور کہا ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق سپرے سے ہی کرم کش ادویات مئو ثر ثابت ہو سکتی ہیں۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ ماہرین کی رائے کو مدنظر رکھیں۔ بغیر سپرے کرنے سے کرم کش ادویات کا 50 فیصد حصہ ضائع ہو جاتا ہے جبکہ زہر پاشی صحیح آلات اور صحیح طریقوں سے نہ کرنے سے کسان کو بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا کاشتکار ہاتھ یا انجن کی طاقت سے چلنے والے نیپ سیک سپرئیر کو اس طرح استعمال کریں کہ فصل کے اوپر اور اطراف سے دوائی مئو ثر طریقہ سے پتوں تک پہنچ سکے۔

انہوںنے کہاکہ خیال رہے کہ ڈنڈی یعنی لانس پر نوزل تقریباً 45 درجہ کے زاویہ پر لگی ہوئی ہو اور ایک وقت میں صرف ایک قطار پر سپرے کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کاشتکار کرم کش ادویات کے سپرے کیلئے ہالوکون نوزل اور جڑی بوٹی کے اگائو سے پہلے ختم کرنے کیلئے فلڈ جیٹ اور جڑی بوٹیوںکو اگائو کے بعد ختم کرنے کیلئے فلیٹ فین نوزل استعمال کریں نیز زہرپاشی سے پہلے پمپ کو چلا کر مطلوبہ پریشر (3 بار یا 45 پونڈ فی مربع انچ) بنا لیں اور دوران زہرپاشی پمپ کو حسب ضرورت چلاتے رہیں تاکہ پریشر برقرار رہے۔

انہوںنے کہاکہ ان سپرئیئرزپر پریشر گیج اور پریشر کنٹرول سسٹم لگاہوناچاہئے علاوہ ازیں کاشتکار دوران زہرپاشی اپنی حفاظت کیلئے سپرے ہونے والی قطار اور اپنے درمیان ایک قطار خالی رکھیں جس پر ابھی سپرے نہ ہوا ہو اسی طرح سپرے ہوا کے مخالف نہ کریں کیونکہ اس طرح ایک تو سپرے یکساں نہیں ہوتا بلکہ یہ طریقہ سپرے کرنے والے کیلئے بھی خطرناک ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بوم سپرئیر سے سپرے کرتے وقت بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے تجربہ کار آپریٹر درکار ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ا کثر اوقات بوم بنانے والے بوم کے آخری سرے پر ایک نوزل ایک خاص زاویہ پر لگادیتے ہیں تاکہ سپرے کی چوڑائی کو بڑھایا جاسکے لیکن یہ طریقہ انتہائی غلط ہے کیونکہ اس طریقہ سے آخری قطاروں پر سپرے بالکل غیر یکساں ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر فصل گھنی ہو تو نیچے سے سپرے کرنے والے نوزل کا استعمال بھی کر لینا چاہیے۔