فیصل آباد میں قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور کریک ڈائون جاری

جمعہ 11 اگست 2017 14:11

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2017ء)فیصل آباد میں قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور کریک ڈائون اور سرکاری زمینوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کیلئے پوری قانونی قوت استعمال کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی جانب سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کیا جائے اور اس ضمن میں سرکاری زمینوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کیلئے پوری قانونی قوت استعمال کی جائے ۔

انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کے مسائل و شکایات سنتے ہوئے جاری کی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل) خالد مسعود فروکہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف سائلان کی سرکاری زمینوں سے متعلق ناجائز قبضوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ غیر قانونی قابضین کے خلاف فوری کارروائی کریں اور دیہی علاقوں میں ناجائز قبضوں سے واگزار کرائی گئی زمینوں پر پلے گرائونڈز یا عوامی بہبود کے دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے تجاویز مرتب کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلعی محکمہ مال کے افسران سے کہا کہ وہ سرکاری زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور اپنی دائرہ اختیار کے علاقوں کے ریونیو ریکارڈ کے مطابق زمینوں کو چیک کریں اور سرکاری اراضی کو لاوارث نہ چھوڑا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کے سلسلے میں ملی بھگت کرنے والے ریونیو سٹاف کے خلاف بھی نہ صرف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ بددیانتی اور کرپشن میں ملوث ان عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات بھی درج کرائے جائیں گے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم ‘ صحت ‘انہار ‘ واسا ‘ لوکل گورنمنٹ ‘ماحولیات سمیت دیگر محکموں سے متعلق لوگوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے اور بعض افسران کو فون کرکے سائلان کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے شہر میں کمرشل و کاروباری عمارتوں کی تعمیر کے نقشہ جات کی منظوری میں تاخیر سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ہیڈ کوارٹر ) سے کہا کہ وہ بائی لاز اور مقررہ شرائط اور قواعد و ضوابط پر پورا کرنے والی تمام درخواستوں کو ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی میں منظوری کے لئے لانے کے اقدامات کریں ۔