سید علی گیلانی کا سڑک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت

سید علی گیلانی کا چین میں زلزلے سے ہونیوالی تباہی اور انسانی جانوں کے اتلاف پر بھی گہرے رنج وغم اور دُکھ کا اظہار

جمعہ 11 اگست 2017 13:12

ْسرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جموںکے علاقے ریاسی میں سڑک کے ایک حادثے میں قیمتی انسانی جانوںکے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میںآئے روز سڑک حادثات میں قیمتی انسانی زندگیوں کا زیاں جاری ہے ۔

انہوںنے جاںبحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی سے انہیں صبر جمیل اورانہیںیہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطافرمانے کی دعا کی ۔ جموںکے ضلع ریاسی میں سڑک کے ایک حادثے میں نو افراد جاںبحق ہو گئے تھے ۔

(جاری ہے)

ادھر سید علی گیلانی نے چین میں زلزلے سے ہونیوالی تباہی اور انسانی جانوں کے اتلاف پر بھی گہرے رنج وغم اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دُکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قدرت کی جانب سے ایسے واقعات میں انسان ہمیشہ بے بس ہوتا ہے اور ان کو ٹالنے کے لیے انسان کچھ نہیں کرپاتے ہیں۔انہوںنے چین کے وزیر اعظم کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ خبر ہمارے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے اور میں اپنی مظلوم قوم کی طرف سے ہمدردی اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کررہا ہوں۔