بینک آف چائنا جلد گوادر میں برانچ قائم کرے گا،

چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی رواں سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چینی وزرا کے ہمراہ مذکورہ فری زون میں پہلے بین لااقوامی ایکسپو سینٹر کی تقریب رونمائی میں شرکت کریں گے، جس میں 100 سے زائد چینی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے وستین خان جمالدینی کی نجی بنک کے سمٹ بینک کے صدر ظہیر اسماعیل سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 11 اگست 2017 12:39

بینک آف چائنا جلد گوادر میں برانچ قائم کرے گا،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی نے کہاہے کہ بینک آف چائنا جلد گوادر میں برانچ قائم کرے گا،بینک آف چائنا سمیت دیگر مقامی اور بین الاقوامی بینک گوادر میں اپنی برانچز کھولنے کا منصوبہ بنارہے ہیں، گوادر فری زون کی تعمیرات کو جلد مکمل کرنے کے لیے پاکستانی اور چینی شہری 3 شفٹوں میں کام کررہے ہیں، رواں سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چینی وزرا کے ہمراہ مذکورہ فری زون میں پہلے بین لااقوامی ایکسپو سینٹر کی تقریب رونمائی میں شرکت کریں گے، جس میں 100 سے زائد چینی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔

جمعہ کوگوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی نے سمٹ بینک کے صدر ظہیر اسماعیل سے ملاقات کے دوران کہا کہ گوادر میں گہرے سمندر کے پورٹ نے کام کا آغاز کردیا ہے جبکہ متعدد کمرشل بینکس ساحلی شہر میں اپنی برانچز قائم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور بینک آف چائنا جلد گوادر میں برانچ قائم کرکے اپنا بزنس شروع کرنے والا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گوادر میں ملکی اور غیر ملکی بینکوں کی برانچز کے قیام کے ساتھ ہی تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک گوادر پورٹ اوورسیز اینڈ پورٹ ہولڈنگ کی جانب سے دو بینکوں کو یہاں کام کی اجازت دی ہے جن میں سے ایک بینک آف چائنا بھی ہے۔چیئرمین نے کہا کہ گوادر فری زون پر کام کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ تعمیراتی کام آئندہ کچھ ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔دوستین خان جمالدینی نے کہا کہ گوادر فری زون کی تعمیرات کو جلد مکمل کرنے کے لیے پاکستانی اور چینی شہری 3 شفٹوں میں کام کررہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ رواں سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چینی وزرا کے ہمراہ مذکورہ فری زون میں پہلے بین لااقوامی ایکسپو سینٹر کی تقریب رونمائی میں شرکت کریں گے، جس میں 100 سے زائد چینی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔اس موقع پر ظہیر اسماعیل نے چیئرمین کو بتایا کہ رواں سال ستمبر میں سمٹ بینک اور سندھ بینک ضم ہوجائیں گے جس کے بعد یہ پاکستان کا دوسرا بڑا بینکنگ سسٹم بن جائے گا۔انہوں ںنے کہا کہ سمٹ بینک سماجی شعبے میں دلچسپی رکھتا ہے اور جلد حکومت کے ملازمین، چھوٹے کاروباری حضرات اور مچھیرں کو ان کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔