پیپلزپارٹی بانیِ قوم کی جانب سے بیان کردہ نظریہ پاکستان کی اصل مشعل بردار ہے،بلاول بھٹوزرداری

بانیِ ملک کے ویژن کے مطابق کسی بھی گروہی، نسلی، لسانی اور مذہبی امتیاز کے بغیر ہر پاکستانی شہری برابر کا شراکت دار ہے، اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 11 اگست 2017 12:31

پیپلزپارٹی بانیِ قوم کی جانب سے بیان کردہ نظریہ پاکستان کی اصل مشعل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بانیِ قوم کی جانب سے بیان کردہ نظریہ پاکستان کی اصل مشعل بردار ہے، جو یہ یقین دلاتی ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے غیرمسلمانوں کے تحفظ و ترقی کے متعلق ہر لفظ پر قائم، اس پر عمل اور پایہ تکمیل کو پہنچائے گی۔

11اگست کو منائے جانے والے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ بانیِ ملک کے ویژن کے مطابق کسی بھی گروہی، نسلی، لسانی اور مذہبی امتیاز کے بغیر ہر پاکستانی شہری برابر کا شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوناگونی پاکستان کی خوبصورتی ہے اور ہمیں برابری کی بنیاد پر اس گوناگونی کو مزید فروغ اور پروان چڑھانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی پارٹی نے غیر مسلموں کے لیئے بیشمار بنیادی اقدامات کیئے ہیں تا کہ انہیں پارلیامینٹ، بیوروکریسی اور زندگی کے دیگر تمام شعبہ جات میں مناسب نمائندگی حاصل ہو۔ پیپلزپارٹی نے پہلی بار سال 2012 میں غیر مسلموں کو سینیٹ میں نمائندگی دی۔ وہ وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں، جنہوں نے وزارت برائے اقلیتی امورقائم کی۔

سندہ میں پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے گذشتہ چار سالوں کے دوران محکمہ برائے اقلیتی امور کے بجیٹ میں تین تھائی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے غیر مسلموں کو پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں نمائندگی دینے کے ساتھ ساتھ سندہ کابینا میں بھی شمولیت دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی گذشتہ حکومت کے دوران صدر آصف علی زرداری نے اقلیتوں کا قومی دن منانے کی منظوری دی، جس کا مقصد اقلیتوں کے مسائل کی جانب توجہ کو مبذول کرانا اور ان کے حل کے لیئے راستے نکالنا تھا۔

پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947ع کی تقریر ان کے نظریئے کا حصہ ہے اور پیپلزپارٹی غیر مسلموں کے متعلق اس تقریر کی ہر لفظ پر قائم رہے گی۔

متعلقہ عنوان :