چوہدری پرویز اقبال لوہسر کی یونان میں پاکستانی سفیر خالد عثمان قیصر سے ملاقات،پاکستانی کمیونٹی کے مسائل پر گفتگو

جمعرات 10 اگست 2017 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2017ء) ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے دورہ یونان کے موقع پر ایتھنز میں پاکستانی سفیر خالد عثمان قیصر سے ملاقات کی۔اس موقع پر سفیر نے پرتپاک استقبال کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے فیڈریشن کے اغراض و مقاصد سامنے رکھے تو سفیر نے فیڈریشن کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن دراصل پاکستان کی حقیقی معنوں میں سفارتکاری کر رہی ہے۔

چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ پاکستان کی خدمت اور اس کی پہچان ہم سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ہی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سفیر خالد عثمان قیصر پاکستان سے محبت کرنے والے انسان ہیں جنہوں نے یونان میں پاکستانی کمیونٹی کے ناصرف مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی لی بلکہ جو کمیونٹی اور سفارت خانے کے درمیان ایک بد گمانی پیدا ہوئی تھی جس کی وجہ سے بڑا احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا تھا اسے دور کیا اور کمیونٹی اور سفارت خانے کے درمیان دوری کو دور کیا،چوہدری پرویز لوہسر کا کہنا تھا کہ سفیر کے کام اور انداز کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں اور میں یہ پیغام یورپ بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو دینا چاہتا ہوں کہ آپ خالد عثمان قیصر کے کام کو دیکھیں کہ وہ کس طرح پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں یہاں تک کے ان کا فون نمبر بھی کمیونٹی کے پاس ہے اور وہ خود کال ریسو کر تے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق رائے کیا گیا کہ بہت جلد یونان میں بھی ای یو پاک فریند شپ فیدریشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جس کا مقصد صرف اور صرف پاکستانیت ہے اور محب وطن پاکستانیو ں کو آگے لانا ہے۔جس کی وجہ سے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔سفیر خالد عثمان قیصر نے چوہدری پرویز اقبال لوہسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے محب وطن پاکستانی ہماری شان ہیں۔اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی یونان کی سرگرم سماجی شخصیت سرفراز احمد بھی ملاقات میں ہمراہ تھے۔