مخالفین کے پاس تنقید کے سوا کوئی چارہ نہیں، لوگ والہانہ محبت کا اظہار کرنے کے لئے جوق در جوق محمد نواز شریف کے قافلہ میں شامل ہو رہے ہیں

وفاقی وزیر نجکاری کمیشن دانیال عزیز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 10 اگست 2017 23:06

مخالفین کے پاس تنقید کے سوا کوئی چارہ نہیں، لوگ والہانہ محبت کا اظہار ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2017ء) وفاقی وزیر نجکاری کمیشن دانیال عزیز نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں، ان کے پاس تنقید کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ محمد نواز شریف اپنے گھر لاہور جا رہے ہیں، لوگ ان سے والہانہ محبت کا اظہار کرنے کے لئے جوق در جوق قافلہ میں شامل ہو رہے ہیں، مخالفین کو یہ سب نظر آ رہا ہے اس لئے کبھی یہ کاروان رکوانے کے لئے کورٹ چلے جاتتے ہیں تو کبھی الیکشن کمیشن تاکہ کسی بہانے ان کو روکا جاسکے، محمد نواز شریف کی حمایت میں لوگوں کے نکلنے سے مخالفین کو ٹھنڈے پسینے چھوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کہ گریڈ فور کے ملازمین کو بھی اپنے دفاع میں 3 سے چار مواقع دیئے جاتے ہیں مگر ملک کے وزیراعظم کو اپنے دفاع میں اتنا بھی حق نہیں دیا جاتا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے چور دروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، اس لئے مختلف حربے اور بہانے تراش رہے ہیں۔