گوادر پورٹ کے فعال ہونے کے بعد گوادر میں بے شمار بینک اپنی برانچز کھولیں گے،چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی

بینک آف چائنا کی شاخ گوادر میں عنقریب کھولی جائے گی، رواں سال کے آخر تک وزیراعظم پاکستان چین کے وزراء کے ساتھ گوادر میں انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر کا افتتاح کریںگے،سمٹ بینک گواد ر میں سوشل سیکٹر پر بہتر کام کررہی ہے جو ایک خوش آئند عمل ہے،بینکاروں سے گفتگو

جمعرات 10 اگست 2017 22:18

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اگست2017ء) چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کے فعال ہونے کے بعد گوادر میں بینکوں کی بہار آئے گی۔ بینک آف چائنا کی شاخ گوادر میں عنقریب کھولی جائے گی۔ رواں سال کے آخر تک وزیراعظم پاکستان چین کے وزراء کے ساتھ گوادر میں انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر کا افتتاح کریںگے۔

سمٹ بینک گواد ر میں سوشل سیکٹر پر بہتر کام کررہی ہے جو ایک خوش آئند عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں سمٹ بینک آف پاکستان کے صدر ظہیراسماعیل سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ بینک چھوٹے ملازمین کو آسان شرائط پر لون دے گی جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

مقامی بینکوں کے ساتھ ساتھ چند انٹرنیشنل بینکوں کی شاخیں بھی گوادر میں کھل رہی ہیں جن میں سے ایک بنک آف چائنا بھی شامل ہے۔

ان بینکوں کے کھلنے سے یہاں کے کاروباری سرمایہ کاری کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی نے دو بینکوں کو برانچ کھولنے کی اجازت دی ہے۔ چیئرمین جی پی اے نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں گوادر فری زون میں تعمیراتی کام مکمل ہوجائے گا۔ گوادر فری زون میں تعمیراتی کام کو شروع ہوئے صرف چند مہینے ہوئے ہیں جو انتہائی تیزی سے جاری ہے جہاں چائینیز پاکستانیوں کے ساتھ مل کر تین شفٹوں میں کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم پاکستان اور چینی وزراء گوادر آکر گوادر فری زون پر پہلی انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر کا افتتاح کریں گے جس میں ایک سو چائینیز کمپنیاں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی میں مقامی لوگوں کو شریک کیا جائے گا جس کے لئے فش پروسیسنگ کمپنی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ سمٹ بینک آف پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ رواں سال ستمبر میں سمٹ بینک اور سندھ بنک کو ضم کیا جارہا ہے۔

ضم ہونے کے بعد سمٹ بینک ملک کا دوسرا بڑا بینک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ بینک گوادر میں سوشل سیکٹر میں کام کرنے میں دلچسپی لے رہا ہے اور گوادر کے ملازمین اور چھوٹے کاروباری حضرات اور ماہی گیروں کو کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضہ دے گا۔ اس موقع پر بینک کے گروپ ہیڈ کامران اشرف اور گوادر برانچ کے منیجر ضمیر رفیق صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :