نواز شریف کی تا حیات نا اہلی اور تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے ن لیگی وزرا اور درباری بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ادیبہ حسن

جمعرات 10 اگست 2017 21:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سی بی سی کی کونسلر ادیبہ عارف حسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تا حیات نا اہلی اور عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے ن لیگی وزرا اور درباری بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اسی لئے عمران خان پر ذاتی حملے کر رہے ہیں۔ نواز شریف کی نا اہلی کے بعد ن لیگ مسلسل عدلیہ مخالف بیانات اور اپنے سیاسی مخالفین پر ذاتی حملے کر کے میڈیا اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

کنٹینر کی سیاست کا طعنہ دینے والے آج خود کنٹینر پر ذلیل و خوار ہورہے ہیں ۔ عمران خان کا مارچ سیاسی نہیں بلکہ ملک کی عوام کے لئے تھا مگر میاں صاحب کا مارچ اپنی تا حیات نا اہلی کے خلاف اور اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے ہے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ''انصاف ہائوس '' میں خواتین کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ادیبہ عارف حسن نے مزید کہا کہ پوری قوم لٹیروں کے خلاف چیئرمین عمران خان کے ساتھ متحد ہوچکی ہے۔

اب کسی بھی حکمران کے لئے کرپشن کرنا آسان نہیں ہوگا۔ احتساب کا عمل آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے اور مزید بڑے بڑے کرپٹ مگر مچھ احتساب کے شکنجے میں آئیں گے ۔ شریف خاندان چوری میں رنگ ہاتھوں پکڑے جانے کے باوجود آج بھی ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ ہمارا قصور کیا ہے۔ غریب قوم کے اربوں روپے لوٹنے والے اپنے آپ کو چور نہیں سمجھتے ۔ اب قوم چاہتی ہے کہ اب ملک کی بھاگ دوڑ اب ایماندار قیادت کے ہاتھ میں آئے ۔ عمران خان نے ملک و قوم کی بہتری کے لئے کردیا ہے اسے نسلیں یاد رکھیں گی۔#