باجوڑایجنسی کی تحصیل سلارزئی میںصدیوں پرانی فرسودہ روایت کے خاتمے کیلئے مشران کا پولیٹیکل انتظامیہ کیساتھ جرگہ

جمعرات 10 اگست 2017 20:00

باجوڑایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اگست2017ء) باجوڑایجنسی کی تحصیل سلارزئی میںصدیوں پرانی فرسودہ روایت کے خاتمے کیلئے مشران کا پولیٹیکل انتظامیہ کیساتھ کامیاب جرگہ ۔سول کالونی جرگہ ہال میں تحصیل سلارزئی لر آمدک ،بر آمدک،لرسدین اور بر سدین کے عمائدین، ملکان ، مشران اور سیاسی افراد پر مشتمل ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ خار عارف خان ،پولٹیکل تحصیلدار سلارزئی ساز محمد ، قبائلی رہنماء انورزیب خان، ایم این اے شہاب الدین خان کے صاحبزادے نظام الدین خان اور قبائلی مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے نظام الدین خان اورپی ٹی آئی کے رہنماء انور زیب خان نے کہا کہ گزشتہ کئی صدیوں سے تحصیل سلارزئی میں لوگوں کے زرخرید اور آبائی اراضیوں پر مکانات کی تعمیر پر پابندی کیوجہ سے شدید مشکلات کے شکار ہیں چونکہ 22 جولائی پر تحصیل سلارزئی کے علاقے علاقہ کوہی میں با پ بیٹے کو اس وجہ سے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جب وہ اپنے زرخرید اراضی پر مکان تعمیر کرنا چاہتے تھے چونکہ یہ فرسودہ روایت علاقے میں بد امنی اور دشمنیوں کا باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ خار عارف خان نے کہا کہ علاقے کے تعمیر وترقی کیلئے ضروری ہے کہ آپس کے تنازعات اور اختلافات کا خاتمہ کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فرسودہ روایت کے خاتمے سے علاقے میں ترقی وخوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا ۔ انھوں نے پولیٹیکل انتظامیہ سے تعاون کرنے پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علاقے میں ہر حال میں امن کو بحال رکھنا ہے ۔

اس موقع پر تحصیل سلارزئی کے مشران ،عمائدین ، مسلم لیگ ن کے نظام الدین خان ،ملک حفظ الرحمان ،ملک غلام رسول ،ملک عبد الناصر ،ملک عبد الرحیم ،پیپلز پارٹی کے اورنگ زیب انقلابی ،شہاب الدین شہاب ،حاجی خان بہادر و دیگر نے متفقہ طور پر اس فرسودہ روایت کے خاتمے کیلئے ایک تحریری معاہدہ کیا کہ تحصیل سلارزئی میں ہر شخص کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنی زرخرید اور آبائی اراضیوں پر مکانات تعمیر کر سکتے ہیں البتہ جن قوموں کے درمیان دشمنی کے دوران قومی جرگوں نے جو حدودات مقرر کئے تھے وہ بر قررار رہیں گے ۔

یاد رہے کہ پولٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عا مر خٹک نے تحصیل سلارزئی میں مکان کی تعمیر سے روکنے اور قتل کرنے والے باپ بیٹے کے واقعے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا جرگے نے متفقہ طور پر واقعے میں ملوث پانچ افراد کو پولٹیکل انتظامیہ کے حوالے کیا ۔

متعلقہ عنوان :